بسواکلیان کی مساجد و دیگر مقامات پر سماعت سیرت محمدؐ کا آغاز، استفادہ کی اپیل
یکم ربیع الاول سے بسواکلیان کی بیشتر مساجد وہ دیگر جگہوں میں “سماعت سیرت حضرت محمدؐ” کا عملا آغاز ۔ ملت کے تمام مردو خواتین، سے مولانا اظہار الحق و کلیم عابد منصوری کی استفادہ کی اپیل
بسواکلیان: 21/اکٹوبر(اے این این) سیکریٹری مقامی، جماعت اسلامی ہند، بسواکلیان، جناب میر اقبال علی کی اطلاع کے بموجب، ماہ ربیع الاول اور جماعت اسلامی کی پندرہ روزہ سیرت مہم کے پیش نظر شہر کی مختلف مساجد اور مکانات میں “سماعت سیرت، حضرت محمدصلی اللہ علیہ و سلم” کا آغاز عمل میں لایا گیا ہے۔ مولانا اظہار الحق، ناظم شعبہ اسلامی معاشرہ، جماعت اسلامی ہند، بسواکلیان نے اسکی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ روزآنہ بعد نماز ظہر حسب ذیل مساجد میں ان نشستوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ جامع مسجد: حافظ و قاری میر فرخندہ علی صاحب، مسجد علی: حافظ صلاح الدین صاحب، مسجد قباء: حافظ عبدالماجد صاحب، مسجد الماس: حافظ عمران صاحب، مسجد سنگ سیاہ: مولانا قمر الدین صاحب، مسجد کمانی بیس: حافظ شاہ نواز صاحب، مسجد شاہ پور: مولانا غوث الدین صاحب مسلسل پندرہ روز سیرت النبیؐ پڑھ کر سنائینگے۔
امیر مقامی، جماعت اسلامی ہند، بسواکلیان (جناب کلیم عابد منصوری صاحب) نے اس نوعیت کے سلسلہ وار مجالس کی اہمیت اور مقاصد کی طرف برادران اسلامی کو توجہ دینے کی گزارش کرتے ہوئے بتایا کہ سیرت کے مطالعے یا سماعت کا سب سے بڑا مدعا یا مقصد یہی ہے کہ انسانیت کے سامنے پھر ایک بار اس مشعل کو روشن کیا جائے، جس نے آج سے تقریباًچودہ سو چالیس سال قبل چھٹی صدی عیسوی میں اپنے نور کی کرنوں سے جہالت کے اندھیروں کو مٹا کے چہار سو نور ہی نور بکھیر دیا تھا،اگر ہم اس نقطہ نظر یا مقصد کے بیش نظر سیرت کا مطالعہ کریں گے تو پھر ہم اصولوں کی پابندی ،فرض کی شناخت، انسانیت کی خدمت، برابری اورانصاف کے درس، سچائی اورایمانداری کی حمایت ہرقسم کی سماجی برائی اور خرابی کے خلاف بڑی بہادری کے ساتھ سینہ سپر ہو جائیںگے۔
مگر ایسا کرنے یا ہونے کے لئے حضورپاکﷺ کے پیغام عظیم کو نظام زندگی کے طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے۔جب ہم پیغمبرؐ کی مقدس سیرت کونظام زندگی کی نظر سے دیکھیں سمجھیںگے اسی صورت میں ہم اپنی ذات کے ساتھ ساتھ قومی اور ملکی سیرت کو بھی صراط مستقیم کی سمت موڑسکتے ہیں۔ لٰہذاس حقیقت کو قبول کرناہی پڑے گا کہ حضرت محمدﷺکی سیرت ایران، ہندوستان یا مصر و روم جیسی قدیم تہذیبوں کی کوئی خیالی داستان نہیں اور نہ ہی ذہنی لذت مہیا کرنے والا ادب،بلکہ یہ سیرت قرآن کریم کی حقیقی اور عملی تشریح ہے لہاذہ ہر مسلمان کو اس سے ضرور استفادہ کرنا چاہئے۔
اس موقع پر خواتین کو بھی سماعت سیرتؐ سے بھر پور استفادہ کی غرض سے شہر بسواکلیان کے مختلف محلہ جات میں مجالس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں جناب کلیم عابد امیر مقامی، جماعت اسلامی ہند، بسواکلیان نے ملت کی تمام خواتین سے پابندی کے ساتھ استفادکی خواہش کی ہے۔