ہاتھرس کے شرمناک واقعہ پر میراروڈ کی خواتین کا احتجاج
میراروڈ: 15/اکٹوبر(ایس ایم) جماعت اسلامی ہند، حلقہ خواتین میراروڈ کی جانب سے ہاتھرس (اترپردیش) میں ہونے والے، 19 سالہ معصوم لڑکی کے شرمناک زنا بالجبر اور بہیمانہ قتل کے خلاف، دیپک ہاسپٹل کے چوراہے پر پرامن احتجاج کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مسلم اور غیر مسلم خواتین نے حصہ لیا اور مجرموں کے لئے سخت سے سخت سزا کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے عوام سے بھی درخواست کی کہ اپنی بیٹیوں اور بہنوں کی حفاظت کے لیے آواز اٹھائیں، اور بلا تفریق مذہب و ذات ہر عورت کی عصمت کو ہندوستانی معاشرے میں تحفظ فراہم کرنے کے لیے آگے آئیں، قدم سے قدم ملائیں اور اچھے اور ذمہ دار شہری ہونے کا فرض نبھائیں۔ احتجاج کے دوران کئی مختلف خواتین نے خطاب فرمایا اور اس معاملے میں انتظامیہ کی نا اہلی و بے رخی کے خلاف جم کر نارے بازی کی۔ یہ احتجاج مکمل طور پر پرامن اور کامیاب رہا اور اس کو راہ گیروں اور اطراف کی عوام کی حمایت بھی حاصل ہوئی۔
نمائندہ سے بات چیت کے دوران محترمہ ریحانہ عبدالقدیر صاحبہ ( حلقہ خواتین، جماعت اسلامی ہند میراروڈ ) نے کہا “اس مظاہرے کے ذریعے حلقہ خواتین نے قانون کو سخت ترین بنانے اور فوری انصاف بحال کرنے کی اپیل کی۔ خواتین کا مطالبہ ہے کہ خاطیوں کوسر عام پھانسی پر لٹکایا جائے یا پھر ایسی عبرت ناک سزا دی جائے تاکہ دوبارہ کوئی ایسے جرم کی ہمت نہ کر سکے۔”