ضلع بیدر سے

درگاہ آستانہ قادریہ بگدل میں ماہانہ درسِ تصوف خلیفہ ڈاکٹر ادریس احمد قادری کی مخاطبت

جب کوئی اپنے اوپر استغفار کو لازم کرلیتا ہے تو اللہ رب العزت اس بندے کوہر بلا، ہر مصیبت سے محفوظ رکھتا ہے: ڈاکٹر ادریس احمد قادری

بیدر: یکم/اکتوبر (اے ایس ایم) اللہ تعالیٰ فرماتاہے اے محبوب آپ فرمادیجئے اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو تو میری یعنی محمد مصطفی ﷺ کی اتباع کرو اللہ تم سے محبت کریگا۔ اور تمہارے گناہوں کو بھی معاف فرمادیتا ہے۔ اللہ معاف کرنے والا اوررحم کرنے والا ہے۔ حضور ﷺ ارشاد فرماتے ہیں کہ تم میں کوئی بھی کامل مومن اس وقت تک نہیں ہوسکتا جب تک کہ وہ اپنی اولاد، والدین اور تمام لوگوں سے زیادہ مجھ سے محبت نہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار پیر طریقت ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل نے آستانہ قادریہ میں منعقدہ ماہانہ درس تصوف دینے کے بعد مخاطب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا آج مسلمانوں کی موجودہ ذلت وہ پستی کا سب سے بڑا سبب یہ ہے کہ انہوں نے حب رسولؐ کا دعوی تو کیا لیکن میدان عمل میں معیار محبت سے کوسوں دور نظر آتے ہیں۔محبت رسولؐ روح ایمان ہے۔محبت سے مراد حضور ؐ کے حقوق کی ادائیگی کو دوسروں کے حقوق کی ادائیگی پر ترجیح دی جائے اور حضور ؐ کی مکمل اتباع کریں۔حضور ؐنے فرمایا اپنی اولاد کو تین چیزوں کی تعلیم دو اپنے نبی کی محبت، اہل بیعت اطہار کی محبت اور قرآن کریم کی تعلیم۔ ایک صحابی رسول نے رسول ؐ سے عرض کیا یا رسول اللہ قیامت کب قائم ہوگی۔حضور ؐ نے فرمایا بتاؤ قیامت کیلئے تیاری کیا کئے ہو۔صحابی نے کہا یا رسول اللہ ؐ میں نے کوئی زیادہ روزہ اور نماز کی تیاری نہیں کی بلکہ میں کامل درجہ کی محبت اللہ اور اس کے رسول سے کرتاہوں۔حضور ؐ نے فرمایا قیامت کے دن تمہارا حشر اسی کے ساتھ ہوگا۔جس سے محبت کرتے ہو۔

ڈاکٹر خلیفہ شاہ ادریس احمد قادری صاحب نے کہاانسان کو چاہیئے کہ وہ زمین پر اکڑ کر نہ چلے کیونکہ اس کو کل روزِحشر باریک باریک گناہوں کا حساب دینا ہوگا۔ علمائے دین اور اللہ والوں کے بیان کو سننا گویا اپنے ایمان کو پختہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر وہی ہے کہ وہ دور سے آنے والے کو پہچانے اور آنے والا پیر کو دیکھتے ہی شفاء یاب ہوجائے۔ جو شریعت کا پابند نہیں اُس پر طریقت،معرفت اور حقیقت کے دروازے کھلنا محال ہیں۔ جب کوئی بندہ نماز پڑھتا ہے اور سرکار دوعالم ؐ پر درود کا نذرانہ پیش نہیں کرتا تو اس کی نماز ہی نہیں ہوتی۔ جب کوئی اپنے اوپر استغفار کو لازم کرلیتا ہے تو اللہ رب العزت اس بندے کوہر بلا، ہر مصیبت سے محفوظ رکھتا ہے اور اس کیلئے رزق میں کشادگی عطا کرتاہے۔

ہر فرض نماز کے بعد یا فجر یا عصر کے بعد ایک سو پچیس مرتبہ درود شریف کا نذرانہ خضور ؐ کی بارگاہ میں پیش کریں گے، شجرہ عالیہ قادریہ ورد کے ساتھ ساتھ گیارہ مرتبہ سوم کلمہ کا ورد کرنے سے بندہ تمام دنیاوی پریشانیوں اور آفات وبلیات سے محفو ظ رہتاہے۔ اور اللہ تعالیٰ اس نیک عمل سے صحت و سلامتی کے ساتھ ساتھ کاروبار میں بھی برکت عطا کرتاہے۔ انہوں نے دیگر اولیاء اللہ کے بیشمار حالات پر سیر حاصل روشنی ڈالتے ہوئے مریدین و معتقدین کو تلقین کی کہ وہ پنچ وقتہ نمازوں کی پابندی کے ساتھ ساتھ ماں باپ، اپنے پیر و مرشد، بزرگوں کا ادب و احترام کریں اور بچوں پر شفقت کرتے ہوئے دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم کا بھی اہتمام کریں

۔بعد دائیگی نماز عصر حضرت غلام احمد قادری بگدلی المعروف بہ حضرت صاحب قادری بگدلی ؒ کے سالانہ فاتحہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب نے جملہ صندل شریف کی خصو صی رسومات عقیدت و احترام کے ساتھ انجام دیئے۔ گلہائے عقیدت سلام و نیاز، تقسیم تبرکات عمل میں آئے۔ محمد لئیق احمد قادری صاحب بگدلی و دیگر شہ نشین پر موجود تھے۔ کوئڈ 19کے قوانین کے مطابق سماجی فاصلہ کے ساتھ ساتھ تمام عقیدت مندان کو ماسک اور مکمل سنا ٹائزر کرکے زیارت کا موقع دیا گیا۔ سلام و فاتحہ و دعائے سلامتی کے ساتھ یہ روحانی تقریب تکمیل پذیر ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!