ملک بھر میں 3 کروڑ مسلمانوں اور 4 کروڑ سے زیادہ دلتوں کے نام ووٹر لسٹ سے غائب! سی آر ڈی پی
لوک سبھا انتخابات 2019 کے تحت ووٹنگ سے قبل یہ سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے کہ تمل ناڈو میں 10 ہزار مسلمانوں اور دلتوں کے نام ووٹر لسٹ سے غائب ہیں۔ اس امر کا انکشاف ہونے کے ساتھ متعلقہ افسران خامیاں دور کرنے میں مصروف ہو گئے۔
چنئی کے ہاربر میں ڈی ایم کے کے رکن اسمبلی پی کے سیکر بابو کو جب ان کے حلقہ انتخاب میں متعدد مسلمانوں کے نام ووٹر لسٹ سے غائب ہونے کی خبر ملی تو انہوں نے اس شکایات کی جانچ کی۔ شکایات کو واجب پائے جانے پر انہوں نے ضلع الیکشن افسر سے ان ناموں کو دوبارہ ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کی اپیل کی۔
یہ لوگ اس بات کی امید لگائے بیٹھے ہیں کہ ان کے نام پولنگ سے قبل فہرست میں شامل ہو جائیں اور وہ پولنگ کے عمل میں شریک ہو سکیں۔ رکن اسمبلی بابو نے کہا، ’’الیکشن افسران کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے نام ووٹر لسٹ سے غیر اراداً غائب ہوئے ہیں۔ نام پھر سے شامل کیے جانے سے متعلق درخواستوں کا عمل پورا ہونے کے بعد ان ناموں کو لسٹ میں دوبارہ شامل کر لیا جائے گا۔ ‘‘
ملک بھر سے کروڑوں نام غائب
سینٹر فار ریسرچ اینڈ دبیٹس ان ڈیولپمنٹ پالیسی (سی آر ڈی پی) کی طرف سے جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 3 کروڑ سے زیادہ مسلمانوں اور 4 کروڑ سے زیادہ دلتوں کے نام ووٹر لسٹ سے غائب ہیں۔ ریسرچ اسکالر ابو صالح شریف اس کے پیچھے انتظامی ناکامی اور بوتھ سطحی افسران کی طرف سے حالات کو قابو میں نہ کرپانے کو ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔
انگریزی روزنامہ ’دی ہندو‘ کی رپورٹ کے مطابق فہرست سے غائب ناموں کو دوبارہ شامل کیے جانے کا عمل کچھ مہینے قبل شروع ہوا تھا۔ اس کے باوجود متعدد مسلم ووٹر ایسے ہیں جنہوں نے شکایت کی ہے اور انہیں اپنا نام ووٹر لسٹ میں پھر سے شامل ہونے کا انتظار ہے۔