میں دَم دار’چوکیدار‘ ’داغ دارچوکیدار‘ کے خلاف ہوں: مودی
اکھنور:29مارچ (اے این ایس)جموں کے اکھنور میں خطاب کے دوران بالاکوٹ پر ایئر اسٹرائک کے پس منظر میں وزیر اعظم نے کہا کہ ’سرحد کے اُس پار دہشت گردی کے کارخانے چلانے والے خوفزدہ ہوگئے ہیں۔ وہ اب سایے سے بھی ڈرنے لگے ہیں۔‘کانگریس پر نشانہ سادھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے تعجب ہوتا ہے کہ اسے کیا ہوگیا ہے۔ کیا یہی وہ کانگریس ہے جس کے لیڈر ولبھ بھائی پٹیل نے ملک کو متحد رکھنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی اور نیتاجی سبھاش چندر بوس نے آزاد ہندوستان کا نعرہ دیا تھا؟‘انہوں نے کہا کہ مودی سے نفرت کی وجہ سے کانگریسی لیڈران نے قومی مفادات کی طرف دیکھنا چھوڑ دیا ہے۔بالاکوٹ ایئر اسٹرائک کا ثبوت مانگے جانے پراپوزیشن پارٹیوں کے خلاف ہلّہ بولتے ہوئے نریندرا مودی نے کہا:’’ کیا ہمیں ثبوت چاہیے یا سپوت (قابل فخر اور نیک نام بیٹے) چاہیے۔میرے دیش کے سپوت( فوجی جوان)یہی میرے دیش کا سب سے بڑا ثبوت ہیں۔ جو ثبوت مانگتے ہیں وہ سپوت کو للکارتے ہیں۔‘‘
اپنے آپ کو ’دَم دار‘ (طاقتور) ’چوکیدار‘ قرار دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ وہ ’داغ دارچوکیدار‘ کے خلاف ہیں ۔ اپوزیشن کا مذاق اڑاتے ہوئے مودی نے کہا کہ وہ پوچھتے ہیں’’مودی نے دہشت گردوں کو ان کے اپنے گھر پاکستان میں جاکر کیوں مارا؟ مودی نے ان کے کیمپس کیوں تباہ کیے؟‘‘ خلا ء میں سیٹلائٹ مار گرانے کا کامیاب تجربہ کرنے پر اپوزیشن نے جو ریمارکس کیے تھے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی کا نام لیے بغیر وزیراعظم نے طنزیہ فقرے کسے اور کہا :’’ یہاں ایسے بھی لوگ ہیں جنہیں تھیٹر کے ’سیٹ‘ او ر’ اے سیٹ‘ (ASAT) کا فرق نہیں معلوم ہے۔ یہ لوگ سمجھے کہ میں تھیٹر کے سیٹ کی بات کررہا تھا۔‘‘
خیال رہے کہ ڈی آر ڈی اوکے سائنسدانوں نے اینٹی سیٹلائٹ میزائیل کے ذریعے خلا ء میں وار کرنے کا جو تجربہ کیاتھا اس کا اعلان وزیراعظم نریندرا مودی نے بڑے ہی ڈرامائی انداز میں کیا تھا۔ اس پر چٹکی لیتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے اس کامیاب تجربے پر سائنسدانوں کومبارکباد دینے کے ساتھ وزیر اعظم کو بھی یہ کہہ کر مبارکباد دی تھی کہ ورلڈ تھیٹر ڈے مبار ک ہو!