بیدر: نوجوان لڑکیوں اور خواتین کیلئے عملی طور پر تجہیز و تکفین کیمپ کا انعقاد
شاہین اولڈ کیمپس گولہ خانہ میں صفا بیت المال بیدر کی جانب سے صبح 10:30بجے‘ مورخہ 26/ستمبر کو ہوگا کیمپ
بیدر: 25/ستمبر(اے ایس ایم) مولانا محمد مونس کرمانی صدر صفا بیت المال شاخ بیدر نے ایک صحافتی بیان جاری کر تے ہوئے بتایا ہے کہ دیکھنے میں آرہا ہے کہ زنانہ میتوں کے غسل کیلئے خواتین کا عین وقت ملنا محال ہوگیا ہے۔شہر میں چند خواتین کے علاوہ زنانہ میت کو غسل دینے کیلئے کوئی دستیاب نہیں ہے اگر کسی وجہ سے وہ کہیں جاتے ہیں‘یا بیمار ہوجاتے ہیں تو نہایت ہی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور غسل میت کیلئے مسئلہ پیدا ہورہا ہے‘جس کی وجہ لا علمی‘عدم توجہی‘ڈر و خوف اس کام میں رکاوٹ کا سبب بن رہی ہے۔
ایسی صورتحال میں صفا بیت المال شاخ بیدر نے ملت کی اس تکلیف اور ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے خواتین کی تربیت و رہنمائی کیلئے بروز ہفتہ بوقت صبح10:30بجے‘ مورخہ 26/ستمبربمقام شاہین کالج اولڈ کیمپس احمد باغ گولہ خانہ بیدر میں خواتین کیلئے ایک تربیتی کیمپ برائے غسل میت (تجہیز و تکفین)رکھا گیا ہے۔
اس خصوصی کیمپ میں خواتین کو تربیت دینے کیلئے حیدرآباد کی معروف عالمہ محترمہ ذکیہ کوثرباجی صاحبہ صدر معلمہ جامعہ ریاض البنات‘حیدرآباد تشریف لارہی ہیں۔شہر بیدر کی خواہشمند نوجوان لڑکیوں اور خواتین سے ادبا گزارش ہے کہ اس خصوصی تربیتی کیمپ میں شریک رہ کرمکمل ترتیب و طریقہ کی عملی تربیت حاصل کریں تاکہ اپنے اور اپنے قریبی پڑوس و رشتہ کے یہاں کسی کے انتظار کی ضرورت نہ پڑے۔
واضح رہے کہ نماز جنازہ پر اس کے قریبی رشتہ داروں کا حق ہوتا ہے اور ان کی اجازت کے بغیرکوئی امام نمازِ جنازہ نہیں پڑھاسکتا۔ٹھیک اسی طرح میت کے قریبی رشتہ داروں کا غسل دینا زیادہ افضل ہے۔مولانا مونس کرمانی صدر صفا بیت المال شاخ بیدر نے نوجوان لڑکیوں و خواتین سے گزارش کی ہے کہ صرف ایسی خواتین جو جذبہ خدمتِ خلق رکھتی ہیں اور جو تربیت پاکر بر وقت کہیں پر بھی طلب کرنے پر میت کو غسل دے سکیں‘اس خصوصی موقع کا فائدہ اُٹھائیں اور عملی تربیت حاصل کریں۔