پری میٹرک اسکالرشپ سے حکومت کی دستبرداری دراصل بچوں کے تعلیمی حق پر حملہ ہے: ایس آئی او
ایس آئی او ضلع بیدر کا وزیرتعلیم کے نام میمورنڈم، حکومتی آرڈر سے 15لاکھ سے زائد طلبا کا مستقبل خطرے میں
بیدر: 4/دسمبر(اے این بی) پسماندہ طبقات کے پری میٹرک اسکالرشپ کو ریاستی حکومت کی طرف سے رد کئے جانےکی مذمت کرتے ہوئے اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) ضلع بیدر کی جانب سے دفتر ڈپٹی کمشنر بیدر میں ایک میمورنڈم پیش کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کے توسط سے ریاستی وزیر تعلیم کو میمورنڈم سونپتے ہوئے مطالبہ کیاگیا ہے کہ متعلقہ حکومتی آرڈر سے 15لاکھ سے زائد طلبا کا مستقبل خطرے میں ہے، طلبا کے تعلیمی حق کے پیش نظر متعلقہ آرڈر کو فوری طورپر واپس لیا جائے۔
میمورنڈم میں کہاگیا ہےکہ سال 2019-2020 کے پری میٹرک اسکالرشپ کو رد کرنا صحیح نہیں ہے، فی الحال ریاست بھرمیں 15لاکھ سے زائد طلبا آن لائن فارمس پُر کئے ہیں۔ غریب طلبا اسی اسکالرشپ کی رقم سے اپنی تعلیم جاری رکھتے ہیں، اب حکومتی آرڈر سے ان کی تعلیم خطرے میں آگئی ہے۔ دراصل متعلقہ سرکلر کے ذریعے بچوں کے تعلیمی حق پر حملہ کرنے کا الزام لگایاگیا ہے۔ ان تمام وجوہات اورطلبا کے تعلیمی مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا حکم نامہ واپس لینے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔ اس موقع پر محمد نجیب الدین ضلعی صدر ایس آئی او بیدر، سیکرٹری برادر یاسین آمین، سیکریٹری برائے رابطہ عامہ برادر صلاح الدین فرحان کےعلاوہ بیدر یونٹ سیکریٹری برادرسعید عامرموجود تھے۔