احتجاجی ارکان پارلیمنٹ کو چائے پلانے پہنچے راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین
راجیہ سبھا سے معطل کیے جانے والے آٹھ ممبران پارلیمنٹ گذشتہ رات سے ہی پارلیمنٹ کے لان پر مظاہرہ کر رہے ہیں۔ راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین ہریونش منگل کی صباح ان کے لئے چائے لے کر پہنچے تھے لیکن ارکان پارلیمنٹ نے احتجاجاً چائے پینے سے انکار کر دیا۔
ادھر، وزیر اعظم نریندر مودی نے ہریونش کی تعریف کی ہے۔ ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’ہریونش جی نے خود پر حملہ کرنے والے لوگوں اور دھرنے پر بیٹھے لوگوں کو چائے پیش کی جو ظاہر کرتا ہے کہ وہ کتنے شائستہ ہیں اور اور ان کا دل کتنا بڑا ہے۔ ان کے متاثر کن اور بہترین سیاستدان والے رویہ پر ہر محب جمہوریت کو فخر ہوگا۔
راجیہ سبھا کے معطل ارکان سے نائب چئیرمین ہریونش نے کی ملاقات
راجیہ سبھا کے جن آٹھ ارکان کو کسان بل کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے چیئرمین نے معطل کیا تھا وہ پارلیمنٹ کے احاطہ میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے نیچے مظاہرہ پر بیٹھے ہوئے ہیں اور پوری رات انہوں نے وہیں گزاری ہے۔ اے این آئی کے مطابق راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین ہریونش جن کے رویہ کے خلاف ان آٹھ ارکان نے احتجاج کیا تھا انہوں نے آج صبح مظاہرہ کر رہے معطل ارکان سے ملاقات کی۔