کلبرگی: عمر خالد کی گرفتاری کے خلاف ویلفیئر پارٹی کا احتجاج، فوری رہائی کا مطالبہ
کلبرگی: 19/ستمر (اے این این)عمر خالد کی گرفتاری کے خلاف ویلفیئر پارٹی آف انڈیا، ضلع کلبرگی کی جانب سے ایک زبردست احتجاج منظم کیا گیا۔ اس احتجاج کی قیادت سید عبدالباری ضلعی صدر کر رہے تھے۔ پارٹی کے لیڈر مبین احمد نے احتجاجیوں اور یہاں پر موجود میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کے فسادات میں ملوث اصل مجرموں کو گرفتار کرنے کے بجائے دہلی پولیس نے سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاج میں شامل طلبہ، نوجوانوں اور دیگر سماجی کارکنوں کو غیر ضروری اور بے بنیاد الزامات کے تحت گرفتار کر کے انہیں UAPA اور سیڈیشن جیسے سنگین دفعات کے تحت سلاخوں کے پیچھے بند کی ہے۔ یہ سلسلہ اب فوری بند ہونا چاہیے۔ ہم تمام بے قصور افراد کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کلبرگی کے دفتر کے روبرو منظم احتجاج میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت پسند اور جمہوری ملک میں دہلی پولیس کی اس طرح سے بربریت اور ایک طرفہ کارروائی اصل مجرموں کو بچانے کی کوشیش کےعلاوہ اور کچھ نہیں۔ اس موقعہ پر احتجاجیوں نے دہلی پولیس کے خلاف جم کر نعرے بازی کی اور عمر خالد کو فوری رہا کرنے اور ان پر عائد تمام الزامات کو واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔
اس احتجاج میں پارٹی لیڈر مبین احمد نے یہ بھی کہا کہ تقریبا 18 مقدمات کے تحت گرفتاری دراصل اس بات کا ثبوت ہے کہ دہلی پولیس نے اپنی کارروائی کو آپ ہی مشتبہ بنا لیاہے، اس لیے یہ واضح ہے کہ عمر خالد کو بے بنیاد الزامات لگا تے ہوئے ٹارگٹ بنا کر گرفتار کیا ہے۔ دہلی پولیس کی یہ گرفتاری خود قانونی طور پر بہت سارے سوالات کھڑے کر دیتی ہے۔ لہذا فوری طور پررہا کرے اور تمام مقدمات کو واپس لے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کے توسط سے صدر جمہوریہ ہند کے نام ایک میمورنڈم بھی پیش کیا گیا۔
اس موقع پر سید عبدالباری ضلعی صدر، سلیم احمدچیتا پوری جنرل سیکریٹری،سلیم سگری، مبین احمد، ایڈوکیٹ مظہرحسین، اعجاز احمد، آصف احمد، مودی پٹیل، نوح مولانا، حیدر علی باغبان، امتیاز حسین، منیر ہاشمی، رابعہ شکاری، افضل محمود، محی الدین اور دیگر سماجی کارکنان موجود تھے۔ احتجاجی مظاہرے میں خواتین بھی شامل تھیں۔