کرناٹک: 21 ستمبر سے 9 ویں تا 12 ویں جماعت کے طلباء کو غیر رسمی طور پر اسکول آنے کی اجازت
میسورو: 18/ستمبر (ایم این) وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم حکومت کرناٹک سریش کمار نے گزشتہ روز میسور میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں 9 تا 12 ویں جماعتوں کا آغاز جزوی طور پر 21 ستمبر سے کیا جارہا ہے۔ کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے 9 ویں تا 12 ویں جماعت کے طلباء کو غیر رسمی طور پر اسکول آنے کی اجازت ہوگی۔ طلباء صرف اپنے ڈاؤٹس دور کرنے اور اساتذہ سے رہنمائی حاصل کرنے اسکول آسکتے ہیں۔ ریگولر کلاسس کا آغاز ابھی نہیں کیا جائیگا۔ اس بارے میں مرکزی حکومت سے گائیڈنس آنے کے بعد فیصلہ کیا جائیگا کہ ریاست میں اسکولوں کا دوبارہ آغاز کب اور کس طرح کیا جائے۔
خانگی اداروں کو حکومت کے اگلے حکمنامہ تک کسی قسم کی فیس وصول کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اگر محکمہ کو کسی اسکول کے بارے فیس وصول کرنے سے متعلق شکایت وصول ہوتی ہے تو اس اسکول کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور اسکول چلانے کی پرمیشن منسوخ کر دی جائیگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت خانگی مدارس میں خدمات انجام دے رہے اساتذہ کی مدد کرنے غور کر رہی ہے ۔ جن جن خانگی مدارس کو آر ٹی ای کے تحت مالی امداد دی گئی ہے انہیں صاف طور پر حکم دیا ہیکہ اساتذہ کی کم از کم 50 فیصد تنخواہیں جاری کریں ۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر نے بتایا کہ خانگی مدارس میں آر ٹی ای کے تحت 25 فیصد داخلہ کروانے حکومت کا کوئی ارادہ نہیں ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اس پر نظر ثانی کی جائیگی۔
خانگی مدارس کے انتظامیہ کے مطالبات کہ انہیں دوپہر کا کھانا، مفت کتابیں، یونیفارم وغیرہ مہیا کئے جائیں بے جا مطالبات ہیں ۔ حکومت سرکاری اسکولوں میں بہتر تعلیم کا انتظام کررہی ہے والدین کو چاہئے کہ وہ پہلی ترجیح سرکاری مدارس کو دیں ۔