خبریںریاستوں سےقومیمہاراشٹرا

‘اسلام کو جانیں’ موضوع پر15تا30 ستمبر ملک گیر دعوتی مہم منانے ایس آئی او کا اعلان

ممبئی: 14/ ستمبر(پریس ریلیز) مصعب قاضی جوائنٹ سیکرٹری اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) – حلقہ جنوبی مہاراشٹر کی اطلاع کے مطابق کووڈ-19 وبا نے بڑی شدت سے انسانیت کو اس بات کا احساس دلایا ہے کہ انسان اپنی تمام تر ترقی کے باوجود اللہ کی ذات سے بیگانا نہیں ہوسکتا. اسے خدا کی آج بھی اتنی ہی ضرورت ہے جتنی پہلے تھی۔ لہذا آج انسانیت کو بہت تیزی سے اللہ کی طرف رجوع ہونے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی آج لوگوں میں کورونا وائرس، لاک ڈاؤن اور معاشی بحران کی وجہ سے سماج میں بڑی حد تک  بے چینی و بے سکونی عام ہے. ایسے میں ضرورت ہے کہ دنیا کو اسلام کے تصور روحانیت سے آگاہ کرتے ہوئے سکون قلب کی راہ تک پہنچایا جائے۔

اس مقصد کے تحت طلبہ تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) نے Know Islam (اسلام کو جانیں) کے عنوان سے ایک ملک گیر عوامی مہم کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ مہم 15 سے 30 ستمبر تک مہاراشٹر سمیت پورے ملک میں منعقد کی جائے گی۔ اس مہم کے دوران مختلف سرگرمیوں کے ذریعے برادران وطن کو اپنے رب اور روحانیت کے راستے کی طرف گامزن کرنے کی کوشش کی جائیگی. اس مہم کا یہ بھی مقصد ہے کہ اسلام کی تعلیمات جیسے خدمت خلق و سماجی انصاف سے لوگوں کو وسیع پیمانے پر آگاہ کیا جائے۔ اور ساتھ ہی ساتھ ملک میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا یا اسلام اور مسلمانوں کے تئیں پھیلی نفرت کی روک تھام کے لیے ملک و عوام کو اس سے ہونے والے نقصانات سے اگاہ کیا جائے گا اور اس کے خاتمے کے کیے لیے لوگوں میں بیداری لائی جائے گی۔  ساتھ ہی یہ پیغام بھی دیا جائے گا کہ اسلام ایک مکمل نظام زندگی ہے جو انسان کی زندگی سے جڑے ہر مسئلے کا حل پیش کرتا ہے۔

ایس آئی او کے جنوبی مہاراشٹر حلقہ کے صدرمحمد سلمان احمد نے کہاکہ “کورونا وائرس کی وبا اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے عالمی بحران نے اس حقیقت کو بھی اجاگر کیا ہے کہ دنیا میں ظلم و نا انصافی کا بول بالا ہے. مذہب کی بنیاد پر نفرت بھی عام ہے اور  سماجی نا برابری و معاشی عدم مساوات نے تو جیسے کمزور طبقات کا جینا ہی  مشکل کردیا ہے. اور ہر گزرتے دن کے ساتھ خدا کی یہ وسیع زمین کمزوروں پر تنگ ہوتی جارہی ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ اس بھولی بھٹکی انسانیت کو اخلاق کا درس یاد دلایا جائے۔ ہمدردی و محبت جیسے جذبات کی اہمیت کو سمجھایا جائے کمزوروں کے ساتھ کھڑے رہنے اور مظلوم ومحروم کو اس کا حق دلانے کی طرف متوجہ کیا جائے اور عدم مساوات و معاشی نا برابری جیسی برائیوں کو مٹایا جائے،” 

ان مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے مہم کے دوران ریاست مہاراشٹر کے سو سے زائد مقامات پر بڑے پیمانے پر خدمت خلق کی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی. بااثر شخصیات سے آن لائن بحث و مباحثے منعقد کئے جائیں گے. اسلامی تعلیمات پر مبنی ڈیجیٹل مواد تیار کراس کی سوشل میڈیا پر وسیع تر ترسیل کی جائے گی نیز سوشل میڈیا مہمات اور مختلف آنلائن پروگرامس کا اہتمام کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!