بی جے پی کے امیدوار ظفر اسلام راجیہ سبھا کے لئے بلا مقابلہ منتخب
گووند نارائن شکلا کے ضمنی انتخاب سے اپنا نام واپس لئے جانے کے بعد ظفر اسلام بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں، یہ بی جے پی کے ایسے ساتویں مسلم نام والے رہنما ہیں جو پارلیمنٹ کے لئے منتخب ہوئے ہیں
لکھنؤ: اترپردیش کی راجیہ سبھا نشست پر بی جے پی رہنما سید ظفر اسلام بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ یہ سیٹ ایس پی کی طرف سے راجیہ سبھا میں بھیجے گئے رہنما امر سنگھ کی موت کے بعد خالی ہوئی تھی۔ قبل ازیں، یو پی بی جے پی کے جنرل سکریٹری گووند نارائن شکلا نے اپنا پرچہ نامزدگی واپس لے لیا، جس کے بعد ظفر اسلام بلامقابلہ منتخب ہو گئے۔ ظفر اسلام کا نومبر 2022 تک راجیہ سبھا کے رکن رہیں ہے۔
بی جے پی کے ظفر اسلام کو اپنا امیدوار مقرر کئے جانے کے بعد انہوں نے 29 اگست کو کاغذات نامزدگی داخل کئے تھے۔ حالانکہ ظفر اسلام صحت کی وجوہات کی بناء پر اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرنے لکھنؤ نہیں پہنچ سکے اور پارلیمانی امور کے وزیر سریش کھنہ نے ان کے نمائندے کے طور پر کاغذات جمع کروائے تھے۔ اس سیٹ سے تین امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے تھے، ان میں ظفر اسلام کے علاوہ گووند نارائن شکلا بھی بی جے پی کے امیدوار تھے جبکہ مہیش شرما نے آزاد امیدوار کے طور پر خود کو نامزد کرایا تھا۔مہیش شرما کی نامزدگی منسوخ ہو گئی جبکہ گووند نارائن شکلا نے جمعہ کے روز اپنا نام واپس لے لیا۔
خیال رہے کہ ظفر اسلام بی جے پی کے قومی ترجمان اور پارٹی کے مسلم نام والے چہرہ ہیں اور انہیں بی جے پی ہائی کمان کی جانب سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ جیوتیرادتیہ سندھیا کو کانگریس سے بی جے پی میں لانے میں ان کا بڑا ہاتھ ہے اور بی جے پی نے بطور انعام انہیں راجیہ سبھا کا امیدوار بنایا ہے۔
سیاست میں آنے سے پہلے ظفر اسلام غیر ملکی بینک میں ملازمت کرتے تھے۔ بقول ظفر اسلام انہوں نے سات سال قبل وزیر اعظم نریندر مودی سے متاثر ہوکر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ بعد ازاں انہیں پارٹی نے اپنے قومی ترجمان کے طور پر ذمہ داری سونپ دی۔
ظفر اسلام بی جے پی کے ساتویں مسلم نام والے رہنما ہیں جو پارلیمنٹ کے لئے منتخب ہوئے ہیں۔ ظفر اسلام کے علاوہ بی جے پی کی طرف سے مختار عباس نقوی (لوک سبھا-راجیہ سبھا)، شاہنواز حسین (لوک سبھا)، سکندر بخت (راجیہ سبھا)، عارف بیگ (لوک سبھا)، ایم جے اکبر (راجیہ سبھا) اور نجمہ ہیپ اللہ (راجیہ سبھا) بی جے پی کے مسلم نام والے ارکان پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔