ضلع بیدر سے

شعراء، ادیب اور اُردو زبان کے بہی خواہان میدانِ عمل میں آئیں: محمدیوسف رحیم بیدری

بیدر: 2/ستمبر (وائی آر) لاک ڈاؤن کی سختیاں ختم ہوئیں۔ مختلف مرحلوں میں تبدیل ہوتے ہوئے اَن لاک کے اصول وضوابط کورونا مرض کے ہوتے ہوئے ملک بھر میں زندگی کی سرگرمیوں کو بحال کرنے میں لگے ہیں۔ایسے میں اردو زبان کی شعراء برادری، ادیب، نقاد،انشائیہ نگار، خاکہ نگار اور افسانہ نویسوں کوچاہیے کہ وہ میدانِ عمل میں اُترپڑیں اوراردو کے تمام بہی خواہان اردو کے لئے کام کرناشروع کردیں۔ یہ اپیل شاعر، وادیب، سماجی کارکن اور صحافی جناب محمدیوسف رحیم بیدری سکریٹری یاران ادب بیدر نے کی ہے۔

انہوں نے اپنے تازہ صحافتی بیان میں کہاہے کہ لاک ڈاؤن کے فوری بعد اردو کی بابت جو بری خبریں سننے کومل رہی ہیں، اس کاتریاق(توڑ) یہی ہے کہ سبھی شعراء، ادباء اور بہی خواہان اردو کی ترقی وترویج میں لگ جائیں۔اپنے اپنے مقام پر زیادہ نہ سہی کچھ وقت اردو کی ترقی وبقا کے لئے نکالیں۔اور جہاں کہیں پہلے سے اردو کاکام کیاجارہاہے اس میں مزید تیزی پید اہو۔ اسکول اور کالجس میں آن لائن تعلیم ہورہی ہے اس تعلیم پرنظر رکھیں۔آن لائن پراردو نصابی تعلیم بھی لازمی ہے۔اگر نہ ہورہی ہوتوا س کے لئے حکومتوں سے نمائندگی کی جاسکتی ہے۔ دوسری جانب دہم جماعت کامیاب طلبہ کالجس میں داخلہ لے رہے ہیں۔ ایسے کالجس میں داخلہ دلانے کے لئے طلبہ کی رہنمائی کریں جہاں اردوبحیثیت مضمون شامل ہو۔خانگی کالجس کو بھی راضی کریں کہ وہ اپنی لائبریری کے لئے اردو اخبار خریدیں۔ اردو لیکچررس سے ملاقات اور ان میں اردو کی بابت حوصلہ پیدا کرنے کاکام ہوناچاہیے۔

محمدیوسف رحیم بیدری نے اس بات کی اپیل کی کہ اس اُردو تحریک میں نوجوانوں کو بھی شامل کریں۔ اور جہاں جو پروگرام اردو کی ترقی وترویج کے لئے ممکن ہواس کوانجام دینے کی کوشش کریں۔ والدین کواس بات کے لئے راضی کریں کہ وہ اپنے بچوں کو اردو اسکولوں میں داخل کریں اور اردو اسکولوں سے بھی کہاجائے کہ وہ اپنا معیار بلند کریں۔ طلبہ کے کمرہ جات میں صفائی ستھرائی ہو۔ پرکشش اور صاف ستھرے کمرے طلبہ کے علاوہ اولیائے طلبہ کو متاثرکرتے ہیں۔ موصوف نے اردو ٹیچرس اور لیکچررس سے بھی گذارش کی ہے کہ وہ اپنے اسکول اور کالج میں محلہ اور شہر کی معتبرشخصیات سے مل کر اردو تعلیم، اردو مضمون اور اردو سے محبت جیسے عناوین پر تقاریر، بیانات، مقابلہ رکھاکریں اور طلبہ واولیائے طلبہ میں اردو کی محبت پیدا کریں۔ زبان سے محبت کی اہمیت پر لیکچراور مضامین لکھے جائیں۔ طلبہ کو اردوزبان میں سائنسی مضامین لکھنے کے لئے بھی کہیں اورآٹھویں، نویں جماعت کے طلبہ کے درمیان کہانیوں کامقابلہ رکھاجائے۔ جناب محمدیوسف رحیم بیدری سکریڑی یاران ادب بیدر نے بتایاکہ ان کی ادبی، سماجی اور ثقافتی تنظیم یاران ادب عنقریب طلبہ کے درمیان کہانی لکھنے کے مقابلہ کاانعقاد عمل میں لائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!