تعلیمی قرض میں %50 کٹوتی پر ویلفیئر پارٹی کا سخت احتجاج، کی پُرزورمذمت
بنگلورو: یکم ستمبر (پریس ریلیز) عزیز جاگیردار،میڈیا سکریٹری کی اطلاع کے بموجب حکومتِ کرناٹک کی جانب سے اریو اجوکیشن اسکیم کے تحت پروفیشنل کورسس کی تعلیم کے لئے دی جانے والی رقم کو %50سے%70کم کر دی گئی ہے۔ حکومت کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے ویلفیئر پارٹی کے ریاستی صدر ایڈوکیٹ طاہر حُسین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اس فیصلے کو واپس لے۔
اس سلسلے میں پارٹی کی جانب سے وزیر علیٰ کو ایک مکتوب بھی لکھا گیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت اس مد میں رقم کو کم کرنے کے بجائے اور بڑھائے تاکہ اقلیتوں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں اور آسانی ہو۔
کرناٹک اقلیتی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو حکومت نے امسال صرف50کروڑ روپئے ہی جاری کئے ہیں جس کے نتیجے میں اب حکومت اریو اسکیم میں بھی کٹوتی کر رہی ہے۔اقلیتی طلباء جو کرناٹک اقلیتی ڈیولپمنٹ کارپوریشن سے قرضہ لے کرNEETاورCETامتحانات کے ذریعہ داخلہ لے کر تعلیم حاصل کرتے تھے ان کے لئے حکومت کے اس فیصلے سے بڑی دقت ہوگی۔ اگر کارپوریشن سے اس طرح اچانک رقم میں کٹوتی کی جاتی ہے تو طلباء کو بنکوں سے اور دیگر اداروں سے قرضہ لینا ہوگا،اور اگر وہاں بھی بر وقت قرضہ نہیں ملا تو تعلیم منقطع کر نا پڑے گا۔
ایڈوکیٹ طاہر حُسین نے کہاکہ یہ اقلیتوں، بلخصوص مسلم طلباء کے اندر بڑھتے تعلیمی رجحان کو دیکھتے ہوئے اس کو ختم کرنے کی ایک سازش لگ رہی ہے، جس طرح ابھی حال ہی میں مسلم طلباء کو UPSCمیں نمائیاں کامیابی حاصل ہونے پر ایک شر پسند ٹی وی چینل نے UPSCجہاد کا نام دے کر بدنام کرنے کی کوشش کی تھی۔ویلفیئر پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اپنے اس فیصلے کو فوری واپس لے۔()