بگدل: درگاہ آستانہ قادریہ میں ماہانہ جلسہٴ فیضانِ غوث اعظم ؒ
بیدر: 21/اگسٹ (اے ایس ایم) اللہ سبحانہ تعالیٰ جس کو چاہتاہے بے نیاز نواز تاہے کسی کو ولی بنادیتا ہے،کسی کو قطبیت عطا کردیتے ہیں۔ اللہ انہی کو اپنا دوست بناتا ہے جو اہل بیعت اطہار کی نسبت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز پیر طریقت رہبر شریعت ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف نے آستانہ قادریہ بگدل میں منعقدہ ماہانہ جلسہ فیضان غوث اعظم کومخاطب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حضرت محبوب سبحانی ؒ کے افعال و کردار، اذکار،عبادات و احوال، باعث تقلید و مشعل راہ ہیں۔ آپ ؒنے اللہ کے حکم سے مردوں کو زندہ کیا۔ آپ کی ایک نظر کرم سے چور بھی ولی کامل بن گئے۔ایک مرتبہ محبوب سبحانی شیخ عبدالقادرجیلانی ؒ مدینہ طیبہ سے حاضری کے بعد ننگے پاؤں بغداد شریف کی طرف تشریف لارہے تھے کہ راستے میں ایک چور چوری کیلئے منتظر کھڑا تھا تاکہ کوئی مسافر آئے اور وہ اُس کے سامان کو لوٹ لے۔ جب آپ اُس کے قریب پہنچے تو اس سے دریافت کیا کہ تو کون ہے۔
اس نے کہا کہ میں ایک دیہاتی ہوں آپ ؒنے بذریعہ کشف معلوم کرلیا کہ یہ رہزن ہے۔ اس چور نے سونچا کہ شائد آپ غوث اعظم ؒ ہیں۔اُ س کے اس خیال کا بھی آپ کو علم ہوگیا اور فرمایا میں عبدالقادر ہوں تو وہ چور یہ سنتے ہی آپ کے قدموں پر گر گیا اور زبان سے یا سیدی عبدالقادر شیئ ء للہ کا ورد کرنے لگا آپ ؒ کو اس کی حالت پر رحم آگیا آپ نے اس کی اصلاح کیلئے بارگاہ ایزدی میں متوجہ ہوئے تو منادی غیب سے ندا کی اے پیارے غوث اس چور کو صراط مستقیم پر چلادو اور اسے قطب بنادو چنانچہ آپؒ نے اسے قطب بنادیا۔حضرت شاہ ابو المالی ؒ فرماتے ہیں کہ بارگاہ غوثیت میں حاضر ہو کر ایک شخص عرض کرنے لگا کہ حضورمجھ کو لڑکا نہیں ہے آپ ؒنے اللہ پاک سے دعا فرمائی کہ اللہ تجھے وہ چیز عطا فرمائے جس کا تو طالب ہے۔
مشیعت یزدی سے اس کے یہاں لڑکی پیدا ہوئی وہ شخص لڑکی کو لیکر آپ ؒکی خدمت میں حاضر ہوا۔حضرت محبوب سبحانی ؒ نے فرمایا اسے کپڑے میں لپیٹ کر اپنے گھر لے جاؤ اور پردے غیب سے کرشمہ الہی دیکھو وہ آپ کے ارشاد کی تعمیل کرتا ہوا لڑکی کو لپیٹ کر گھر لے آیا او ردیکھا تو لڑکی کے بجائے لڑکا تھا۔ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی سجادہ نشین نے درس تصوف دیا اور تمام بلاؤں و آفتوں سے محفوظ رہنے کیلئے دعا فرمائی۔
شہ نشین پر محمد لئیق احمد قادری بگدلی اور افراد خاندان کے علاوہ منتخب مریدین طاق عدد میں موجود تھے۔آستانہ قادریہ میں کمانیں بنائی گئی ہیں جس میں سے گذار کر مکمل سناٹائزر کیاجارہاہے۔ احاطہ آستانہ قادریہ میں 6فٹ کی دوری پر بیٹھنے کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔اور ٹیمپریچر چیک کرنے کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔انتظامات کو دیکھ کرمریدین و معتقدین نے اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے سجا دہ نشین صاحب کو مبارک باد دی۔حافظ محمد شاہنواز نلدرگ، مولانا سید زاہد حسین رضوی قادری نے حمد ونعت و منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔ختم قرآن، محفل قل،شجرہ قادریہ کا ورد،تلاوت یس شریف کا اہتمام کیا گیا تھا۔