خبریںقومی

راجستھان: گہلوت حکومت نے حاصل کیا اعتماد کا ووٹ، 75 کے مقابلہ 122 ارکان نے دی حمایت

راجستھان کا سیاسی بحران ختم ہونے کے بعد گہلوت حکومت نے اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا ہے، گہلوت حکومت کی حمایت میں 122 ارکان اسمبلی نے ووٹ ڈالا جبکہ 75 ارکان ان کے خلاف گئے

جے پور: راجستھان میں چل رہے گھمسان کے درمیان گزشتہ روز پائلٹ کے گہلوت خیمہ میں واپسی اور سیاسی بحران کے خاتمہ کے بعد جمعہ کے روز گہلوت حکومت نے اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا۔ اعتماد کا ووٹ تحریک اعتماد حکومت کی طرف سے پیش کی گئی اور برسراقتدار جماعت اور حزب اختلاف میں زوردار بحث ہوئی۔ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کے ایوان میں بیان دینے کے بعد تحریک اعتماد صوتی ووٹ سے منظور کر لی گئی۔ اسی کے ساتھ اسپیکر سی پی جوشی نے ایوان کی کارروائی 21 اگست تک کے لئے ملتوی کر دی۔

اسمبلی اجلاس کے بعد سچن پائلٹ نے کہا، ’’حکومت کی جانب سے اسمبلی کو تحریک اعتماد پیش کی گئی وہ بہتر اکثریت کے ساتھ منظور ہو گئی ہے۔ حزب اختلاف کی جانب سے کی گئی کوششوں کے باوجود نتائج حکومت کے حق میں رہے۔ اسی کے ساتھ ان تمام شکوک و شبہات پر بھی روک لگ گئی جو ظاہر کئے جا رہے تھے۔ جو مسائل اٹھائے گئے ہیں ان سبھی کے لئے ایک حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ مجھے یقین ہے کہ حکمت عملی کا اعلان جلد ہی کر دیا جائے گا۔‘‘

قبل ازیں، ریاستی حکومت کی جانب سے پارلیمانی امور کی وزیر شانتی دھاریوال نے تحریک اعتماد کی تجویز ایوان میں پیش کی، جس پر اسمبلی میں تیکھی بحث ہوئی۔ پائلٹ کے مان جانے اور پارٹی میں واپسی کے بعد گہلوت حکومت کا پلڑا پہلے ہی بھاری نظر آ رہا تھا۔ حزب اقتدار کے پاس 122 ارکان کی تعداد موجود تھی جن کے ٹوٹ جانے کا اب کوئی امکان نہیں تھا۔

ان میں سے 107 ارکان کانگریس کے جبکہ 6 ارکان اسمبلی بی ایس پی کے ہیں جو کانگریس میں شامل ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ پانچ کانگریس کی اتحادی جماعتوں کے ارکان ہیں۔ دوری طرف بی جے پی کے حق میں صرف 75 ارکان اسمبلی ہیں جس میں سے 75 بی جے پی کے جبکہ 3 اس کی اتحادی جماعت آر ایل پی سے وابستہ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!