حالاتِ حاضرہمضامین

ویلفیئر پارٹی کے قومی صدر سید قاسم رسول الیاس کےخلاف ایف آئی آر !

سمیع اللّٰہ خان

دہلی کا مسلم مخالف دنگا مسلمانوں کے ہی خلاف استعمال ہورہاہے

ابھی ابھی یہ خبر موصول ہوئی ہے کہ مشہور ملّی رضاکار ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس کے خلاف دہلی پولیس میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے، ان کا نام چاند باغ دہلی میں اشتعال انگیز تقریر کرنے کے الزام میں شامل کیاگیاہے۔

قاسم رسول الیاس صاحب ان افراد میں سے ہیں جو بھارت میں مسلمانوں کے مسائل پر متحرک رہتےہیں، وہ مودی سرکار کی غیر آئینی پالیسیوں کے خلاف بھی سرگرم رہتے ہیں، ماب لنچنگ، اور CAA اور NRC کے خلاف عوامی تحریک میں وہ کافی متحرک تھے اور انہی سرگرمیوں کی بنا پر ان کے خلاف ایف آئی آر کراکے دہلی پولیس اب انہیں پھنسانے کی کوشش کر رہی ہے_

قاسم رسول الیاس، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور جماعت اسلامی ہند میں بھی سینئر مقام رکھتے ہیں، ماہنامہ افکار ملی کے ایڈیٹر اور ویلفئر پارٹی آف انڈیا کے صدر بھی ہیں، ان کے خلاف دہلی پولیس کے ذریعے جو بھی کارروائی کرانے کی کوشش ہورہی ہے اس کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، دہلی پولیس مسلسل جس طرح مسلمانوں کے مشہور متحرک اور کارآمد افراد کو پھنسا رہی ہے وہ تشویشناک ہے۔

تمام مسلم قائدین کو اب ایک زبان ہوناچاہئے اور ضروری ہے کہ سب ملکر سَنگھی پولیس کے ذریعے مسلم صفوں میں گھس پیٹھ کے اس دروازے کو بند کریں، دہلی فسادات مسلمانوں کے ہی خلاف ہوئے، مسلمانوں کی المناک خونریزی اور تباہی اس فساد میں ہوئی، یہ سب کیجریوال اور ہوم منسٹر امیت شاہ کی ناک کے نیچے ہوتا رہا، ليکن فسادات کے بعد مظلوموں کو ہی مجرم بناکر ستم بالائے ستم کا کی سفاک تصویر پيش کی جارہی ہے۔

فساد برپا کرکے ناجائز قانون CAA اور NRC کے خلاف جاری جائز عوامی تحریک کو کچلا گیا اور پھر اسی فساد کے نام پر اس تحریک میں سرگرم افراد کے گرد جال بچھایا جارہاہے، خالد سیفی سے لیکر قاسم رسول الیاس پر ایف آئی آر ہونے تک ہر چند دن میں کوئی نہ کوئی مضبوط اور ہمدرد مسلم آواز یا کوئی سرگرم انصاف پسند انسانیت دوست شخص دہلی پولیس کے جال میں پھنسایا جارہاہے، اگر اس کے خلاف سختی سے ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے تو آئندہ اس ملک میں آئینی زاویے سے احتجاج، اختلاف اور اظہار کی گنجائشیں مزید مجروح ہوجائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!