یوپی میں جرائم کے بڑھتے معاملات پر آئینی بحران، صدر راج کا نفاذ ناگزیر: اکھلیش
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اتر پردیش میں جرائم کے بڑھتے معاملات کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی واحد حصولیابی قرار دیتے ہوئے ریاست میں آئینی بحران کا دعوی کیا اور صدر راج کے نفاذ کا مطالبہ کیا
لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے اترپردیش میں جرائم کے بڑھتے معاملات کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی واحد حصولیابی قرار دیتے ہوئے ریاست میں آئینی بحران کا دعوی کرتے ہوئے صدر راج کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔
اکھلیش یادو نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ اترپردیش میں مجرموں کا کھیل جاری ہے۔اقتدار کا پناہ یافتہ ،محروم طبقات کے دشمن جرائم پیشہ افراد کو کسی کا بھی خوف نہیں ہے۔ کوئی دن ایسا نہیں جاتا جب راجدھانی لکھنؤ سمیت ریاست کے مختلف اضلاع سے قتل،لوٹ، اغوا، عصمت دری کے واقعات کی اطلاعات نہ آتی ہوں۔اترپردیش میں قانون کا راج نہیں رہ گیا ہے۔بحران کی وجہ سے صدر راج کا نفاذ ناگزیر ہے۔
سابق وزیر اعلی نے الزام لگایا کہ مافیاؤں اور غنڈوں سے برسر اقتدار پارٹی کے لیڈروں کی خفیہ تعلقات ہیں۔پولیس بھی اس میں اپنی حصہ داری نبھاتی ہے۔ابھی کانپور کے بکرو میں واردات پیش آئی اور پھر لیب ٹینیشن کا اغوا کر کے قتل کردیا ۔اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ 30 لاکھ روپئے بھی بدمعاش پولیس کے سامنے لے کر ہی فرار ہوئے ہوں گے۔
اکھلیش یادو نے سنجیت یادو کے قتل کو پورے نظم ونسق کے قتل سے تعبیر کرتےہوئے کہا کہ ابھی تک متوفی کی لاش بھی برآمد نہیں ہوسکی ہے۔یہ پولیس کی شدید لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ سماج وادی پارٹی متاثرہ کنے کوپانچ لاکھ روپئے کا مالی تعاون پیش کرے گی ساتھ ہی انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرہ کنبے کو 50لاکھ روپئے کی مالی مدد فراہم کرے ۔