ڈپٹی کمشنر بیدر نے کورونا وارڈ کا کیا دورہ، مریضوں سے کی راست گفتگو
بیدر: 23/جولائی (اے این این) آج صبح یعنی 13/جولائی کو رامچندران آر ڈپٹی کمشنر بیدر نے کورونا وارڈ کا دورہ کرتے ہوئے تفصیلی معائنہ کیا اور اولڈ بلڈنگ بریمس ہسپتال بیدر میں مریضوں کی صحت اور دیگر مسائل پر راست مریضوں سے گفتگو کی۔
واضح رہے کہ ایسے حالات میں جہاں پر کورونا کے پیشنٹس کا وارڈ مختص کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز بھی جانے سے حتی الامکان گریز کر رہے ہیں، اپنے آپ کو پیچھے رکھ رہے ہیں، بتایا جارہا ہے کہ مبینہ طور پر نرس کے ذریعہ سے کام لیا جا رہا ہے۔ وہاں پر ایک آئی اے ایس آفسر کا بذات خود نفس نفیس جاکر وہاں کے مریضوں سے اسپتال کی سہولیات کے بارے میں اور مسائل کے بارے میں بات کرنا بلاشبہ عوام میں اس کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔ اس میں رامچندران آر صاحب کی ذاتی دلچسپی نمایاں نظر آتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کی یہ ذاتی دلچسپی بلاشبہ عوام میں ان کی مقبولیت میں مزید اضافے کا سبب بن رہی ہے اور عوام کی جانب سے ان کے ایسے اقدامات کی خوب ستائش بھی کی جارہی ہے۔ جیسے ہی یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی کہ ڈپٹی کمشنر نے کورونا وائرس کے وارڈ میں مریضوں سے بات چیت کر رہے ہیں اس پر بالخصوص نوجوانوں نے ڈپٹی کمشنر کی خوب تعریف کی اور اسے عوامی میں مسائل میں دلچسپی رکھنے والا آفیسر کے طور پر پیش کیا۔