سابق امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند، آندھراپردیش و اڈیشہ خواجہ عارف الدین صاحب کا انتقال پُرملال
حیدرآباد: 20 جولائی سابق امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ آندھراپردیش و اڈیشہ جناب خواجہ عارف الدین صاحب آج 20 جولائی کی شام اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ محترم خواجہ عارف الدین صاحب متحدہ ریاست آندھراپردیش کے آخری امیر حلقہ تھے۔ اس کے علاوہ وہ گزشتہ میقات کے دوران جماعت اسلامی ہند کے مرکزی سیکریٹری برائے شعبہ خدمت خلق کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان شااللہ نماز جنازہ وہ تدفین مسجد حضرت معشوق ربانیؒ احاطہ عرس جاگیر ورنگل میں ادا کی جائیگی۔
خواجہ عارف الدین صاحب ایک انتہائی متحرک اور فعال شخصیت کے حامل تھے۔ وہ نوجوانی ہی میں تحریک اسلامی سے وابستہ ہوگئے۔ جماعت اسلامی کی طلبہ تنظیم ایس آئی او کے قیام میں انہوں نے سرگرم کردار ادا کیا اور اس کی ریاستی و مرکزی سطح کی قیادت بھی کی۔ طلبہ تنظیم سے فراغت کے بعد جماعت اسلامی ہند میں بھی مرحوم نے ناظم ضلع، ناظم علاقہ، ریاستی سکریٹری اور امیرحلقہ وغیرہ کی مختلف ذمہ داریاں ادا کیں۔مقامی سطح پر بھی وہ مختلف سماجی، فلاحی اور تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔ آپ اس وقت جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ کی مجلس شوری اور مرکزی مجلس نمائندگان کے رکن تھے۔
موصوف کے انتقال سے تلنگانہ کی جماعت اسلامی میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے۔ انتقال کی اطلاع پر جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ امیرحلقہ جناب حامد محمد خاں، سکریٹری تربیت جناب عبدالباسط انور صاحب، عبدالمجید شعیب سکریٹری شعبہ دعوت، ناظم شہرحافظ محمد رشادالدین و دیگر ذمہ داران نے تعزیت پیش کرتے ہوئے ان کے حق میں دعا کی کہ اللہ مرحوم کی خدمات جلیلہ کو قبول فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان و لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ پسماندگان میں 6 لڑکے اور 1 لڑکی شامل ہیں۔ مزید تفصیلات کے لئے مرحوم کے بڑے فرزند جناب احتشام الحق عارف سے فون نمبر 7386486872 پر ربط کیا جاسکتا ہے