کانپور انکاؤنٹر کا ‘شیطان’ وکاس دوبے مدھیہ پردیش کی مندر سے ہوا گرفتار
وکاس دوبے کی گرفتاری کے بعد ایم پی کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ “جن کو لگتا ہے کہ مہاکال کے قدموں میں جانے سے ان کے گناہ مٹ جائیں گے، انھوں نے مہاکال کو جانا ہی نہیں۔”
اتر پردیش کے کانپور میں 8 پولس اہلکاروں کے قتل کا اہم ملزم ہسٹری شیٹر وکاس دوبے بالآخر پولس کی گرفت میں آ ہی گیا۔ اسے مدھیہ پردیش کے اجین میں مہاکال مندر سے گرفتار کیا گیا اور پھر اجین پولس اسٹیشن لے جایا گیا۔ ایک ہندی نیوزی پورٹل کے مطابق مہاکال مندر کے سیکورٹی گارڈی کی وکاس دوبے پر نظر پڑی تھی اور پھر خاموشی کے ساتھ اس نے پولس کو خبر دے دی۔ خبر ملتے ہی اجین کی پولس نے بہت احتیاط کے ساتھ وہاں پہنچی اور اپنی گرفت میں لے لیا۔ ایک تصویر میں وکاس دوبے مندر کے اندر صوفہ پر بیٹھا ہوا نظر آ رہا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اس وقت کی تصویر ہے جب پولس نے مندر میں اسے گھیر لیا تھا۔
وکاس کی گرفتاری کے بعد مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ “جن کو لگتا ہے کہ مہاکال کے قدموں میں جانے سے ان کے گناہ مٹ جائیں گے، انھوں نے مہاکال کو جانا ہی نہیں۔ ہماری حکومت کسی بھی مجرم کو بخشنے والی نہیں ہے۔” ساتھ ہی مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ دفتر نے میڈیا کو خبر دی ہے کہ شیوراج سنگھ چوہان نے وکاس دوبے کی گرفتاری سے متعلق اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے بات کی ہے اور بہت جلد مدھیہ پردیش پولس اسے یو پی پولس کے حوالے کر دے گی۔
ہسٹری شیٹر وکاس کی گرفتاری کے بعد مدھیہ پردیش کے وزیر نروتم مشرا کا بھی بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ “کانپور قتل واقعہ کے بعد سے ہی ہم نے پورے مدھیہ پردیش اور پولس کو الرٹ پر رکھا تھا، جیسے ہی اندیشہ ہوا اسے اجین کے مہاکال مندر سے گرفتار کر لیا گیا۔” کچھ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ وکاس دوبے کے ساتھ اس کا دو ساتھی بھی گرفتار ہوا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل آج وکاس دوبے کا دو ساتھی پولس انکاؤنٹر میں مارا گیا۔ ایک کا نام پربھات مشرا اور دوسرے کا رنبیر شکلا ہے۔ پربھات مشرا کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ وکاس دوبے کا قریبی تھا اور پولس نے اسے گزشتہ روز فرید آباد کے ہوٹل سے گرفتار کیا تھا۔ وہ حراست سے بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا جب پولس نے اس پر گولی چلائی۔ زخمی حالت میں اسے اسپتال لے جایا گیا تھا لیکن وہ بچ نہیں سکا۔ دوسری طرف رنبیر شکلا کو پولس نے ایٹاوا میں ہوئے ایک تصادم کے دوران ہلاک کر دیا۔