دادر میں واقع ڈاکٹر امبیڈکر کی رہائش گاہ پر تخریب کاری قابلِ مذمت: امیر حلقہ جماعت اسلامی مہاراشٹرا
ممبئی: امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر نے ممبئی کے دادر میں واقع ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی رہائش گاہ میں منگل کی رات شرپسندوں کی جانب سے کی جانے والی تخریبی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے ملزموں کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ امیر حلقہ نے اس موقع پر کہا کہ آئندہ کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کئے جائیں تاکہ ہندوستان میں سماجی انصاف کی اس علامت کی سلامتی یقینی بنائی جاسکے۔
امیر حلقہ جماعت اسلامی مہاراشٹر رضوان الرحمن خان نے ٹوئٹ کرکے اس مذمت کی۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا”راج گڑھ محض ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا گھر ہی نہیں تھا بلکہ وہ جگہ ہندوستان میں سماجی انصاف کی جد وجہد کی علامت اور جمہوریت پر اعتماد رکھنے والے شہریوں کا ورثہ بھی ہے ۔ ہم اس تاریخی عمارت کو تخریب کاری کے ذریعہ تباہ کرنے کے اس عمل کی مذمت کرتے ہیں نیز مطالبہ کرتے ہیں کہ ان لوگوں کے خلاف سرعت سے کارروائی کی جائے”