چینی دراندازی پر لداخ کے لوگوں کے انتباہ کو نظر انداز کرنا بھاری پڑے گا: راہل گاندھی
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ لداخ کے محب وطن عوام چینی فوجیوں کی دراندازی کے بارے میں لگاتار چوکنا کر رہے ہیں، ان کے انتباہات کو نظرانداز کرنے سے ملک کو بہت نقصان ہوگا۔ راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ’’لداخ کے لوگ چینی دراندازیوں کے خلاف مستقل طور پر آواز اٹھا رہے ہیں۔ وہ چیخ چیخ کر اس کے بارے میں انتباہ کر رہے ہیں‘‘۔ راہل گاندھی نے کہا کہ حکومت کو ان کی آواز سننی چاہیے اور اسے دیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا’’ ان کی بات کو نظر انداز کرنا مہنگا پڑے گا۔ ہندوستان کی سلامتی کے لئے براہ کرم ان کی بات سن لیجئے‘‘۔