میڈیکل کالجوں میں OBC ریزرویشن پر روک، مستحق امیدواروں کے ساتھ ناانصافی: سونیا گاندھی
سونیا گاندھی نے وزیر اعظم مودی کو لکھے خط میں کہا کہ میڈیکل کالجوں میں آل انڈیا کوٹہ کے تحت او بی سی امیدوروں کو ریزرویشن دینے سے انکار کرنا آئین کی 93 ویں ترمیم کے مقاصد کی خلاف ورزی ہے
نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی نے جمعہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ ملک کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے میڈیکل کالجوں میں او بی سی ریزرویشن کی عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو لکھے خط میں کہا کہ نیٹ (این ای ای ٹی) کے ذریعہ میڈیکل کالجوں میں ہونے والے داخلے کے حوالہ سے او بی سی کے طلبا کو ریزرویشن کی سہولت نہیں دی جا رہی ہے۔
کانگریس صدر نے کہا، ’’آل انڈیا کوٹہ کے تحت تمام مرکزی اور ریاستی میڈکل کالجوں میں ایس سی، ایس ٹی اور اقتصادی طور پر کمزور طبقات کے لئے بالترتیب 15، 7.5 اور 10 فیصد سیٹیں مختص ہوتی ہیں۔ جبکہ آل انڈیا کوٹہ کے تحت او بی سی طلبا کے لئے ریزرویشن صرف مرکزی اداروں تک ہی محدود ہوتا ہے۔‘‘
سونیا گاندھی نے مزید کہا کہ آل انڈیا فیڈریشن فار ادر بیک ورڈ کلاسز کی طرف سے جمع کئے گئے اعداد کے مطابق ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے میڈکل کالجوں میں او بی سی ریزرویشن نافذ نہیں ہونے کے سبب 2017 کے بعد سے او بی سی طلبا کو 11000 سے زیادہ سیٹیں گنوا دینی پڑی ہیں۔ ان کے مطابق ریاست کے میڈکل کالجوں میں او بی سی ریزرویشن نہیں دیا جانا آئین کی 93 ویں ترمیم کی خلاف ورزی ہے اور اس سے مستحق او بی سی طلبا میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔
کانگریس صدر نے کہا، ’’مساوی حقوق اور سماجی انصاف کے تحت میں مرکزی حکومت سے گزارش کرتی ہوں کہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے میڈیکل کالجوں میں بھی میڈکل اور ڈینٹل کے آل انڈیا کوٹہ کے تحت او بی سی طلبا کو ریزرویشن فراہم کیا جائے۔‘‘