لاک ڈاؤن ہو یا سیل ڈاؤن، سب عوام کی بھلائی کیلئے ہورہا ہے: ڈپٹی کمشنر بیدر
بیدر: 29/جون (وائی آر) دہم جماعت کے امتحانات اوپر والے کی مہربانی سے بہترچل رہے ہیں۔ کسی بھی طالب علم کوبخارنہیں ہے۔ سب امتحان لکھ رہے ہیں۔ ہرسا ل کی طرح امتحان ہورہاہے۔ میری پرارتھنا ہے کہ بچے پڑھائی کریں۔ ہر سوال کاجواب لکھیں اور بڑے ہوکر نام کمائیں۔ یہ باتیں بیدر کے ڈپٹی کمشنر رامچندرن۔ آر نے کہیں۔ وہ آج 29/جون کو صحافیوں کے سوالات کے جوابات دے رہے تھے۔
انھوں نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایاکہ ضلع بیدر میں جملہ 200 کنٹینمنٹ ائریا ہیں جن میں سے 20کو ڈی نوٹی فائیڈ کردیاگیاہے۔ باقی 170پلس کنٹینمنٹ ائریا میں کام جاری ہے۔ میری وہاں کے لوگوں سے التماس ہے کہ آپ تمام محکمہ صحت کا تعاون کریں۔ جو کچھ ہورہاہے لاک ڈاؤن ہویا سیل ڈاؤن وہ عوام کی بھلائی کے لئے ہورہاہے۔ بچے اور بڑی عمر کے لوگ جلدی متاثر ہوتے ہیں ان کے بچاؤ کاکام کیاجارہاہے۔
ایسے افراد جو بی پی کے مریض ہیں یاقلب کی بیماری میں ملوث ہیں، بنگلور میں ان کاحال یہ ہے کہ کوویڈ۔ 19سے متاثر ہوجائیں تو 10بجے دواخانہ پہنچتے ہیں اور 11 بجے فوت ہوجاتے ہیں۔ اسلئے بہتر ہے کہ وقت سے پہلے دواخانہ پہنچ کر علاج کروالیں کیونکہ بیدر ضلع میں بھی 19کی موت ہوچکی ہے۔ بنگلور اربن کے بعداموات میں بیدر ہی کانمبر ہے۔
تین دن قبل ایک مریض کے بریمس اسپتال بیدر میں فوت ہوجانے کے سوال پر کہاکہ میں نے سارے کیمرے چیک کئے ہیں، جس وقت مریض دواخانہ لایاگیا، اس وقت کیمرے بتارہے ہیں کہ جونئیر ڈاکٹر لائے گئے مریض کے پاس موجودتھے۔ اور سینئر ڈاکٹرس کو پی پی ای پہن کراور پوری طرح تیار ہوکر آنا ہوتاہے۔ لیکن جو الزام مریض کے رشتہ دارلگارہے ہیں وہ غلط ہے۔ وہ سچائی کو تسلیم کرنے تیار نہیں تھے کہ ان کے رشتہ دار کا انتقال ہوچکاہے۔ ڈپٹی کمشنر رامچندرن۔ آرنے تیقن دیاکہ وہ محکمہ پولیس سے وابستہ کانسٹیبل اور دیگر افسران کو نصیحت کرتے ہیں کہ عوام سے برتاؤ میں شائستگی کادامن ہاتھ سے نہ جائے لیکن عوام کو بھی گھرسے نکلتے وقت ماسک کااستعمال کرنا چاہیے۔ ماسک استعمال نہ کرنے پر اگر کچھ غلط بول بھی دیاجاتاہے تو یہ راستے کے غلط ہونے لیکن مقصد کے صحیح ہونے کی نشانی ہے۔