دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 1 کروڑ اور ہلاکتوں کی تعداد 5 لاکھ ہوگئی
کووڈ۔19 سے متاثر کے معاملہ میں امریکہ دنیا بھر میں پہلے، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف اموات کے اعداد و شمار بھی امریکہ پہلے، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔
جنیوا / نئی دہلی / بیجنگ: عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ -19) رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور دنیا بھر میں اس وبا کی زد میں آنے والوں کی تعداد ایک کروڑ ایک لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے جبکہ اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بھی پانچ لاکھ کو عبور کر چکی ہے۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 10117326 ہوگئی ہے جبکہ 501281 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ کووڈ ۔19 سے متاثر ہونے کے معاملہ میں امریکہ دنیا بھر میں پہلے، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف اس وبا کی وجہ سے اموات کے اعداد و شمار میں بھی امریکہ پہلے، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔
ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 19459 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اب متاثرین کی مجموعی تعداد 548318 ہوگئی ہے۔ اسی عرصہ میں کورونا وائرس سے 380 اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 16475 ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 210120 فعال کیسز ہیں اور اب تک 321723 افراد اس وبا سے شفایاب ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں ہندوستان دنیا کے سب سے زیادہ متاثر ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔
دنیا میں سپرپاور سمجھے جانے والے ملک امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 2510323 افراد متاثر ہوچکے ییں 125539 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل میں اب تک 1313667 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 57070 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ روس میں بھی کووڈ۔19 کی وبا دن بہ دن پھیلتی جارہی ہے اور اب تک 633542 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 9060 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس وبا کی وجہ سے برطانیہ میں صورتحال مزید خراب ہوتی جارہی ہے جہاں اب تک 311739 افراد اس وبا سے متاثر جبکہ 43598 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
پیرو اور چلی میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں دنیا میں بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔ پیرو میں متاثرہ افراد کی تعداد 275989 اور ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 9135 ہے۔ چلی میں اب تک 267766 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد 5347 ہے۔ آٹھویں مقام پر اسپین میں اب تک 248469 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ 28341 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ یوروپی ملک اٹلی میں اس وبا نے زبرسدت تباہی مچائی ہے جہاں اب تک 240136 افراد کووڈ ۔19 سے متاثر ہوئے ہیں اور 34716 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔