کسان مظاہرین اور پولیس میں تصادم، پولیس نے کیا طاقت کا استعمال،1 کسان کی موت
دہلی پولیس کے ذریعہ طے کیے گئے راستہ کی بجائے بڑی تعداد میں کسان مظاہرین دوسرے راستہ سے دہلی میں داخل ہوئے اور لال قلعہ تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔
نئی دہلی: مرکزی حکومت کے تین زرعی قانونوں کے خلاف تحریک کرنے والے کسان ٹریکٹر ریلی کے ساتھ زبردستی آئی ٹی او پہنچ گئے جہاں پر ان کے اور پولیس کے درمیان زبردست تصادم ہوا، جس میں پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے۔ جھڑپ کے دوران اتراکھنڈ کے رہائشی ایک کسان کی موت ہو گئی ہے۔ دریں اثنا، کسانوں نے لال قلعہ پر پہنچ کر اپنی تنظیم کا جھنڈا لہرا دیا۔
کسانوں نے لال قلعہ پر لہرایا پرچم
دہلی پولیس کے طے کیے گئے راستہ کی بجائے بڑی تعداد میں مظاہرین کسان دوسرے راستہ سے دہلی میں داخل ہوئے اور لال قلعہ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ یہاں سینکڑوں کسانوں نے اپنے ہاتھوں میں اپنی تنظیم کے جھنڈے تھامے ہوئے تھے۔ ان میں سے ایک کسان نے آگے بڑھتے ہوئے لال قلعہ پر لگے کھمبے پر اپنا جھنڈا لہرا دیا۔
مظاہرہ کرنے والے ایک کسان کی موت
کسان پریڈ نکالنے کے دوران پولیس کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں ایک کسان کی موت ہو گئی ہے۔ جان گنوانے والا کسان اتراکھنڈ کا رہائشی اور اس کا نام نونیت تھا۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ نونیت کی موت پولیس کی گولی لگنے سے ہوئی ہے۔
اس سے پہلے کسان سنگھو بارڈر، غازی پور بارڈر سمیت کئی بارڈر پر بیریکیڈ توڑ کر دہلی میں گھسے۔اس دوران مکربا چوک، ٹرانسپورٹ نگر، نوئیڈا موڑ، اکشر دھام پر پولیس کے ساتھ تصادم ہوا۔ مظاہرین کو روکنے کے لئے پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے اور لاٹھیاں چلائیں لیکن کسان تصادم کے ساتھ آگے بڑھتے گئے۔ آئی ٹی او کے پاس بڑی تعداد میں کسان ٹریکٹر کے ساتھ جمع ہوکر انڈیا گیٹ کی طرف بڑھنے لگے۔ پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں رکے۔ انہیں روکنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔
سنگھو بارڈر سے نکلے کسانوں کے جتھے اور پولیس کے درمیان مکربا چوک پر تصاد ہوا ہے۔ کسانوں کا ٹریکٹر مارچ مکربا چوک سے کنجھاولا جانے والا تھا، لیکن عین موقع پر کسانوں نے اپنا روٹ بدل دیا۔ وہ آؤٹر رنگ روڈ کی طرف بڑھ گئے۔ اس دوران کسانوں اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا، جس میں کئی کسان اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ نوئیڈا موڑ پر کسانوں اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا ہے۔ اکشردھام میں کسان بیریکیڈ توڑ کر سرائے کالے خان کی طرف بڑھ گئے ہیں۔
زرعی قانون کے خلاف پچھلے دو مہینوں سے تحریک کرنے والے کسانوں کی مکربا چوک پر پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی اور حالات پر قابو پانے کے لئے پولیس نے آنسوں گیس کے گولے چھوڑے اور لاٹھی چارج کیا۔ اس کے ساتھ اکشردھام کے پاس بھی کسانوں کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لئے پولیس نے آنسوں گیس کے گولے چھوڑے۔
کسانوں نے سنگھو بارڈر کے پاس پولیس کے ذریعہ طے وقت سے پہلے زبردستی بیریکیڈ توڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش کی۔ پولیس نے مکربا چوک پر بھاری بندوبست کیا تھا تاکہ کسانوں کو دوسرے راستے پر موڑا جا سکے۔ مکربا چوک پر بیری کیڈنگ توڑ کر کچھ کسان آؤٹر رنگ روڈ کی طرف کوچ کر گئے ہیں۔
اس سے پہلے سنجے گاندھی ٹرانسپورٹ نگر میں کسانوں کو تتربتر کرنے کے لئے پولیس نے آنسوگیس کا استعمال کیا۔ سنگھو بارڈر سے کسانوں کی ٹریکٹر ریلی یہاں پہنچی تھی۔ پولیس نے کسانون کو آؤٹر رنگ روڈ کی طرف بڑھنے سے روکنے کے لئے آنسو گیس کے گولے چھوڑے اور لاٹھیاں چلائیں، لیکن کسان پولیس بندوبست کو توڑتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔ اس دوران کچھ پولیس اہلکار اور کچھ کسان بھی زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ پولیس افسروں اور کسانوں کے درمیان کئی مرحلوں کی بات چیت کے بعد ٹریکٹر ریلی کو اجازت دی گئی تھی۔ اس کے لئے وقت اور راستہ بھی طے کیا گیا تھا لیکن کسان دونوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آگے بڑھے جس کی وجہ سے کچھ مقامات پر تصادم ہوا۔