آنجہانی کرنل بی سنتوش بابو کے اہل خانہ سے جماعتِ اسلامی ہند، تلنگانہ کے وفد کا اظہارِ تعزیت
سوریا پیٹ، گھر پہنچ کر افراد خاندان کو پرسہ دیا. چینی دراندازی کی سخت مذمت
حیدرآباد: امیرِ حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ مولانا حامد محمد خان کی قیادت میں جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کے وفد نے آج کرنل بی سنتوش بابو جو پیر کی رات لداخ میں سرحد کی حفاظت کے دوران چینی فوج کے ساتھ مدبھیڑ میں جاں بحق ہوگئے تھے کہ مکان واقع سوریاپیٹ پہنچ کر آنجہانی بی کرنل سنتوش بابو کے افراد خاندان سے ملاقات کی، پرسہ دیا اور اظہار تعزیت کیا. اس موقع پر وفد نے افراد خاندان، والدین، و دیگر سے تفصیلی بات چیت کی.
امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ ملک اور خصوصاً ریاست تلنگانہ کی عوام کرنل سنتوش بابو کی بہادری اور قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی. جنہوں نے سرحد کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور ملک کے لئے قربانی دی ہے . مولانا حامد محمد خان نے اس موقع پر چین کی دراندازی، اور چینی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کی سخت مذمت کی، مولانا نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ ہمیں علاقائی سالمیت پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے ساتھ ہی اس مسئلہ کا جلد ہی پر امن، منصفانہ اور مستقل حل نکالنے کی ضرورت ہے. تاکہ ہم اپنی معیشت کی بحالی، اور وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کے کام پر بھی توجہ دے سکیں.
کرنل سنوتش بابو کے افراد خاندان نے جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے وفد کا غم کی اس گھڑی میں ساتھ شریک ہونے پر شکریہ ادا کیا. وفد میں جناب محمد صادق احمد سکریٹری شعبہ ہندوستانی سماج و قیام عدل و قسط ،جناب عبدالرحیم ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند سوریاپیٹ و دیگر موجود تھے.