ضلع بیدر سے

بسواکلیان: آئیڈیل اسکول میں یوم ماحولیات کا انعقاد، ایم ایل اے کی شرکت اورانعامات کی تقسیم

محکمہ جنگلات کے افسران کی لاپروائی کے سبب جنگلات ختم ہورہے ہیں:بی نارائن راؤ
آئیڈیل گلوبل اسکول بسواکلیان میں شجرکاری، آن لائن مقابلہ جات کے طلبہ میں انعامات کی تقسیم

بسواکلیان: 14/جون۔ بسواکلیان کے معروف ادارہ آئیڈیل گلوبل اسکول میں یوم ماحولیات کے موقعہ پر ”ماحولیات بیداری مہم“ منائی گئی۔ مختلف قسم کے مقابلہ جات منعقد کیے گئے۔ جن میں ویڈیو اور ڈرائنگ آن لائن مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ ان مقابلوں میں سینکڑوں طلباء نے حصہ لیا۔ شجرکاری اور تقسیم انعامات کی اس تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی بسواکلیان جناب بی ناراین راؤ نے کہاکہ ہر شہری کم سے کم ایک پیڑ لگائے تاکہ ہماراماحول بہتر رہے اور بسواکلیان سرسبزوشاداب ہو۔ لاک ڈاؤن کے سبب ماحولیاتی آلودگی میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن محکمہ جنگلات کے افسران کی لاپروائی کے سبب درخت کٹ رہے ہیں۔ اور ہمارے جنگلات ختم ہورہے ہیں۔رکن اسمبلی نے اعلان کیاکہ امسال بسواکلیان میں ہم نے 3لاکھ سے زائد پودے لگانے کامنصوبہ بنایاہے۔ بارش کا پانی نالیوں اور دیگر مقامات پر ضائع نہ ہو، بجائے اس کے بارش کے پانی کو زمین میں جذب کرنے اور تالابوں میں ذخیرہ کرنے کے پروگرام چلائے جارہے ہیں۔ بی نارائن راؤ ایم ایل اے نے اسکول کی بابت کہاکہ آئیڈیل گلوبل اسکول معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لئے ”بیداری مہم“ کے ذریعہ سے طلبہ کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کاقابل تقلید کام کیاہے، میں اس کے لئے اسکول کے چیرمین مجاہد پاشاہ کو مبارک باد پیش کرتاہوں۔

جناب مجاہد پاشاہ صدر آئیڈیل گلوبل اسکول بسواکلیان نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ خشکی اور تری میں جوفساداور بگاڑ ہے وہ انسانوں کے ہاتھوں کی کمائی ہے۔ ہمیں اس آلودہ ماحول کو بچانے کے لئے سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔ خصوصاً زمین سے معدنیات کو نکالنا،اورصنعتوں کے لامتناہی سلسلہ کوروکنااور کچرے کی نکاسی پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔اس خوبصورت زمین پر درخت، پودے، بیلیں، برفیلے پہاڑ، حشرات الارض، جنگلی جانور، کیڑے پتنگے اور دیگر مخلوقات موجود ہیں۔ ان کے لئے اور انسان جیسی عظیم ہستی کے لئے پیڑ پودوں کااگانا زندگی کا لازمی حصہ ہے تاکہ زمین پر درجہٴ حرارت معتدل رہے۔ اور ماحولیات میں آلودگی شامل نہ ہو۔

اللہ تعالیٰ کہتاہے ”ہم نے درخت اُگائے اورپھر انھیں سوکھا، کوڑا کرکٹ بناکر Decompose (زمین میں تحلیل) کردیا۔لیکن انسان نے پلاسٹک بنایا جو زمین میں تحلیل نہیں ہوتی جوانسانوں اور جانوروں کے لئے بہت بڑا مسئلہ بناہواہے لہٰذا پلاسٹک کے استعمال سے بچیں۔ مجاہدپاشاہ نے انعامات حاصل کرنے والوں اور آن لائن مقابلہ جات میں حصہ لینے والے تمام طلبہ وطالبات کو مبارک باد پیش کی۔انہوں نے ماحول کو خراب کرنے والے مختلف عوامل میں اور روز مرہ زندگی میں استعمال ہونے والے ایسی اشیاء جس سے ماحولیات پر بڑا اثر پڑتا ہے وہ استعمال کرنے سے گریز کرنے کی تلقین کی۔

اس موقع پر جناب ریاض پٹیل ماہر ماحولیات قدرتی آفات انسانوں کی لاپرواہی کی وجہ سے آتے ہیں اور ماحولیات کا تحفظ دراصل انسانی زندگی کی بقا کے لیے ہر فرد کی اہم ذمہ داری ہے۔ معاشرے کا ہر فرد ماحولیات کے تحفظ کے لیے اگر سنجیدہ ہوں تو ہم نئی نسل کو بہتر ماحولیات دینےمیں مستقبل کو تابناک دیکھ سکتے ہیں بالخصوص طلبہ میں ماحولیات کے متعلق بیداری وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور ایسے مقابلہ جات آئیڈیل اسکول کے ذریعے منعقد ہوئے ہیں یہ بلاشبہ ایک بہترین اقدام ہے اس کی اشد ضرورت بھی محسوس ہوتی ہے۔

پرنسپل آئیڈیل گلوبل اسکول اور مسٹر ویرشٹی تعلقہ ایگریکلچرل آفیسر نے بھی خطاب کیا۔جبکہ اولیائے طلبہ میں سے شریمتی سورنا نے اپنے خیالات پیش کئے۔ اسکول کے پرنسپل محمد شفیع شیخ نے استقبالیہ کلمات کہے۔ پروگرام کاآغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ دیگر مہمانان میں جناب ویرشٹی جادھو،محکمہ تعلیمات کے مسٹر پرکاش، جناب داؤد، جناب عبدالغفارقریشی اور غلام رسول صاحب وغیرہ شہ نشین پر موجودتھے۔اسکول کے اساتذہ کے علاوہ مقتدرعمر اور مجتہد عمر نے اس پروگرام کوکامیاب بنانے میں اہم رول اداکیا۔ پروگرام سماجی فاصلہ کاخیال رکھتے ہوئے بڑی خوبصورتی کے ساتھ اپنے انجام کو پہنچا۔ ادارہ کی جانب سے تمام شرکاء کو ماحولیات کے تحفظ کے لیے ایک پودا لگانے کی اپیل کرتے ہوئے ایک ایک پودا تقسیم کیا گیا۔

”یوم ماحولیات“ کے حوالے سے آن لائن ویڈیواورپینٹنگ مقابلہ برائے طلبہ وطالبات بعنوان ”ماحول کاتحفظ کیسے کریں؟“رکھاگیاتھا۔ منتخب ویڈیوز کو سوشیل میڈیاکے ذریعہ 20ہزار افراد تک پہنچایاگیا۔ان تمام ویڈیوز پر 2ہزار سے زائد کمنٹ آئے۔ سب سے زیادہ کمنٹ حاصل کرنے والے طلبہ کو بالترتیب اول، دوم اور سوم انعامات سے نوازاگیا۔ ہائیرسیکشن کے طلبہ میں پہلا انعام محمد مزمل ولد بابوشیر، دوم انعام عمیمہ بنت خواجہ پاشاہ اور تیسراانعام بی بی مریم بنت میر وراثت علی اور حلیمہ فاطمہ بنت میرخرم علی نے حاصل کیا۔ پرائمری سیکشن کاانعام اول محمد مدبر عمر ولد مجاہد پاشاہ قریشی، دوم انعام ابھینوولد انیل بھوسلے، سوم انعام محمد دانش ہیں۔ پینٹنگ میں اول انعام طالبہ انوشا وشاکھاپٹنم، دوم ابھیشیک، سوم آشی توش نے حاصل کیا۔ان تمام کو شیلڈاور توصیفی سند سے نوازاگیا۔ اس موقع پر آئیڈیل کیمپس میں شجرکاری کی گئی۔ لگ بھگ 200سے زائد پودوں کو اولیائے طلبہ میں تقسیم کیاگیا۔

اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے جلسہٴ تقسیم اسناد و انعامات میں بی نارائین راوٴایم ایل اے بسواکلیان نے شرکت کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ہر شہری کم از کم ایک پودا لگائیں اور ماحولیات کو بہتر بنانے میں اپنا رول ادا کریں۔ لاک ڈاوٴن کی وجہ سے ماحولیات کو فائدہ ہوا ہے جبکہ فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کی لاپرواہی سے درخت کاٹ رہے۔ انہوں نےبسواکلیان میں زیادہ پودے لگانے کے منصوبے کا اظہار کیا ہے وہیں دوسری طرف تقریبا 150 تالاب کو بہتر بنانے کی اسکیم لانے کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر آئیڈیل اسکول کے متعلق انہوں نے کہا کہ اس اسکول کی ایک منفرد شناخت اور پہچان ہے جہاں پر صرف تعلیم و تربیت کا اہتمام ہی نہیں ہوتا، بلکہ طلبہ کی مختلف صلاحیتوں کو بھی پروان چڑھایا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!