کورونا ایک جنگ ہے اور ڈاکٹرس اس جنگ کے سپاہی: سپریم کورٹ
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز کوروناوائرس کےعلاج میں مصروف ڈاکٹروں کو’فوجی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوجی جنگ کے دوران غمزدہ نہیں رہ سکتے ۔ ان ’فوجیوں‘ کی شکایات دور کرنے کے لئے اضافی رقم کا انتظام کیا جائے۔جسٹس اشوک بھوشن ، جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس ایم آر شاہ پر مشتمل بنچ نے کوڈ۔19 کے خلاف جنگ میں مصروف ڈاکٹروں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور اس دوران ان کے لئے مناسب رہائش نہ ملنے کی شکایت کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کورونا ایک طرح کی جنگ ہے اور کم از کم جنگ کے دوران فوجی افسردہ نہیں رہ سکتے۔
عدالت نے کہا کہ حکومت کو ایسے انتظامات کرنے چاہئے کہ کورونا واریرز اپنے آپ کو محفوظ محسوس کریں۔ ایسے جنگجوؤں کی شکایتوں کے ازالہ کیلئے کچھ اضافی فنڈزکا بندوبست کیا جانا چاہئے۔ بنچ نے کہا کہ دہلی میں کچھ ڈاکٹروں کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہ نہیں دی جارہی ہے۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ ڈاکٹرز ہڑتال ہیں۔ اس کا خیال رکھا جانا چاہئے تھا اوراس میں عدالت کی مداخلت کی ضرورت نہیں ہونی چاہئے تھی۔مرکزی حکومت کی جانب سے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے پیروی کی۔ اب اس کیس کی سماعت 17 جون کو ہوگی۔ یہ درخواست ایک ڈاکٹر نے دائر کی تھی۔