ترکی مال بردارجہازکو روکنے کی کوشش پربحرِروم میں کشیدگی
آج بحر روم میں ترک اور یونانی بحریہ اسوقت ایک دوسرے سے ٹکراتے ٹکراتے رہ گئیں جب لیبیا کی جانب محو سفر ترکی کےایک مال بردار جہاز کو روکنے کی کوشش کی گئی.
سی این این کے مطابق یوروپین فورس کے اطالوی کمانڈر نے یونانی بحریہ کو ترک جہاز روکنے کا حکم دیا۔کہا جارہا ہے کہ مصر اور اسرائیلی بحریہ کو شک تھا ترک جہاز لیبیا کیلئے اسلحہ لے کر جا رہا ہے۔جہاز کے تحفظ کیلئے ترک بحریہ کا ایک تباہ کن جہاز بھی علاقے میں موجود تھا۔
کمانڈر کے حکم کی تعمیل میں یونانی جہاز سے ایک ہیلی کاپٹر روانہ کیا گیا۔جب ہیلی کاپٹر نے ترک جہاز سے اس پر لدے سامان اور منزل مقصود کے بارے میں دریافت کیا تو ترک کپتان نے یہ کہہ کر بات ختم کردی کہ “جہاز کو ترک جمہوریہ کا تحفظ حاصل ہے” اسی کے ساتھ اپنے جہاز کے تحفظ کیلئے ترک فضائیہ کے طیارے فضا میں بلند ہوگئے
ترکوں کے جارحانہ روئیے کو دیکھ کر یوروپین کمانڈر نے اپنے ہیلی کاپٹر کو واپس آنے کا حکم دیا اور معاملہ ٹھنڈا پڑگیا۔
ترک بحریہ نے متنبہ کیا ہے کہ اگر اسکے جہازوں کا راستہ روکا گیا تو بحرروم میں یورپی جہازوں کی آمد ورفت بہت “مشکل” ہوجائیگی