نفرت پھیلانے والی ڈاکٹر آرتی لال چندانی کی گرفتاری کا مطالبہ
نئی دہلی: 2/جون- بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی نے ڈاکٹروں کے کام کی ستائش کرتے ہوئے سماج میں نفرت پھیلانے والی ملزمہ کانپور میڈیکل کالج کی ڈاکٹر آرتی لال چندانی کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مسٹر علی نے ٹویٹ کیا کہ ڈاکٹر کا پیشہ ہمیشہ موقر رہا ہے۔ کورونا وبا کے وقت ڈاکٹر ہی حقیقی ہیرو ہیں لیکن کانپور میڈیکل کالج کی ڈاکٹر آرتی لال چندانی اس پیشے پر دھبہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو دہشت گرد کہہ کر نفرت پھیلانے والی اس ڈاکٹر کو ضرور گرفتار کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور ریاست کے پولیس ڈئریکٹر جنرل سے انھیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
غورطلب ہے کہ ڈاکٹر آرتی کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ایک مخصوص طبقے کے افراد کے بارے میں کہتی ہیں کہ کہنا نہیں چاہیے، لیکن یہ دہشت گرد ہیں اور ان کو ہم وی آئی پی ٹریٹمینٹ دے رہے ہیں۔ اپنے وسائل کو بے کار کر رہے ہیں۔ اپنے ڈاکٹروں کو بیمار کر رہے ہیں۔ ان کے لیے ہم 100 پی پی ای کٹ خراب کر رہے ہیں جبکہ ایک کٹ پر حکومت دو ہزار۔ڈھائی ہزار روپیے خرچ کر رہی ہے۔ اس ویڈیو میں ڈاکٹر آرتی کچھ صحافیوں سے غیر رسمی بات کر رہی ہیں۔ اس میں ان کا براہ راست اشارہ تبلیغی جماعت سے منسلک افراد کی طرف تھا۔ اس معاملے میں کئی مسلم تنظیموں نے ڈاکٹر آرتی کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔