مسلمان عید پر اللہ کا شکر بجا لائیں، حکمت و محبت کے ساتھ داعیانہ کردار کو فروغ دیں: محمد آصف الدین، بیدر
بیدر: 24/ مئی (اے این)محمد آصف الدین سکریٹری وزڈم ادار ہ جات بیدر نے تمام مسلمانوں کو خصوصاً مسلمانان بیدر کو عید الفطر کی پر خلوص مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقصد روزہ اور قیام اللیل کے ذریعہ تقویٰ پیدا کرنا ہے۔یہ مواسات و مواخات اور غم خواری کا مہینہ ہے، جس میں زکوۃ، صدقات نافلہ اور صدقہ ئ فطر کے ذریعہ سماج کے غرباء و مساکین اور ضرورت مندوں کی مدد دل کھول کر کی جاتی ہے تاکہ سارے غریب لوگ بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہو ں۔ کورونا وائرس ایک معمولی جرثومہ جو اللہ کی مائیکرو اسکوپک مخلوق ہے، اس نے پوری دنیا کوبے بس کر دیا ہے، جس کے قہر سے پوری دنیا پریشان ہے۔ اللہ کی عظمت و قدرت اور انسان کی بے بسی سب پر واضح ہو چکی ہے۔ آج انسان کی حقیقت کو حالات نے کھول کر رکھ دیا ہے کہ انسان کس قدر بے بس نظر آ رہا ہے۔ کورونا وائرس نے پوری دنیا کی سائنس و ٹیکنالوجی، صنعت و حرفت اور معاشیات کو دھڑام سے گرا دیا ہے۔
آج دنیا کے بڑے بڑے سیکولر ممالک کے سربراہان بھی کورونا وائرس کے خاتمہ کے لیے بے انتہاضروری (Essentials) اقدامات میں اللہ کی طرف پلٹنا، سجدہ و عبادت کرنا، توبہ و دعا کرنے کو ضروری قرار دیا ہے۔ پوسٹ کورونا وائرس نے دنیا اللہ کے تعارف، اس کوجاننے،پہچاننے اور ماننے کی طرف دنیا مائل ہو رہی ہے۔ ملت اسلامیہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس موقع سے اپنا داعیانہ کردار حکمت و محبت کے ساتھ ادا کریں۔عید پر ہم اللہ کا شکر بجا لاتے ہیں اس نے بڑی حد تک ہمارے ملک کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھا ہے اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک اور پوری دنیا سے جلد از جلد اس وبا کو ختم کر دے۔ اس مہماری سے پیدا ہونے والے مسائل و مشکلات میں محکمہ صحت، محکمہ پولیس،ضلع انتظامیہ و دیگر سرکاری مشنریز اور غیر سرکاری تنظیمیں (NGO) اور دینی جماعتیں اور مختلف رفاہی و فلاحی ادارے اور منتخب عوامی نمائندے اپنے اپنے طور پر جو غیر معمولی خدمات انجام دیں ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ سارا سماج ان کا شکر گذار ہے۔
اللہ ان کی خدمات کو شرف قبولیت بخشے اور جزائے خیر عطا فرمائے، رمضان ایک سبق یہ بھی ہے کہ ہم رمضان کے بعد بھی غرباء و مساکین، ضرورت مندوں اور بے روز گاروں کی مدد جاری رکھیں دوران لاک ڈاؤن عوام الناس اور خصوصاً مسلمانوں نے جس اجتماعی صبر و انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا وہ قابل تعریف اقدام ہے، جس نے انسانیت کی عظمت و مساوات کو مضبوط کیا ہے۔ کورونا وائرس کو نفرت کے وائرس میں بدلنے کی چند فرقہ پرست طاقتوں کی کوشش کو مسلمانوں کا اجتماعی صبر و اخلاقی بر تری نے ناکام کر دیا ہے۔ انہوں نے تمام اہل اسلام کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی۔