بیدر: کورونا سے متاثرہ کے 9مریض صحت یاب، اسپتال سےگھروں کوکیاگیا رخصت
بیدر: 23/اپریل (وائی آر) ”ہم آپ تمام کے شکرگذار ہیں کہ آپ نے ہماری صحت یابی کے لئے کافی محنت کی۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اور آپ کے سارے خاندان کو دنیا میں بھی عزت سے نوازے اور آخرت میں بھی عزت عطا کرے“ یہ دعا کورناوائرس سے لڑکر صحت یاب ہونے والے 9 مریضوں کی جانب سے بید رکے محکمہ صحت کے افسران،ڈاکٹرس، اسٹاف اور ضلع انتظامیہ کے لئے تھی۔ جنہوں نے کل 22اپریل کی شام بیدر بریمس اسپتال سے انہیں صحت یاب قرار دے کر چھٹی دے دی تھی۔
یہ وہ 9افرا دہیں جو دہلی کے تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شریک ہوکر بید رواپس لوٹے تھے۔ بعدازاں ان کاٹسٹ پازیٹو پایاگیاتھا۔ اور وہ ذرائع کے بموجب تقریبا 3ہفتوں سے سرکار ی اسپتال بید رمیں زیر علاج تھے۔ ڈسچارج ہونے والے مریضوں کے نمبر 114تا123بتائے گئے ہیں۔ مریض نمبر 121محمد طاہر عبداللہ ابھی زیرعلاج ہیں۔دیگر مریضوں کے نام سلسلہ وار اس طرح ہیں۔جناب خرم خان،جناب اصغر حسین، جناب محمد فیاض اسمعیل،جناب محمد اسمعیل ابراھیم،جناب شفیع الدین (بسواکلیان)،جناب شعیب الدین،جناب شوکت علی،جناب عبدالقیوم اورجناب عیسیٰ شریف (منااکھیلی)ہیں۔7مریض بیدر اور دومریض بسواکلیان اور منااکھیلی سے بتائے جارہے ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایچ آرمہادیو اور رکن اسمبلی رحیم خان نے ان صحت یاب افراد سے خطاب کیا۔ اوراپنی نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ مزید 14دن آپ تمام اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں کیونکہ یہ وہ وائرس ہے جو دوبارہ پلٹ کر آتاہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جناب رُدریش گاڑی، اسسٹنٹ کمشنر جناب اکشے سریدھر،ڈاکٹر وی جی ریڈی ڈی ایچ اوبیدر،ڈاکٹر رتی کانت سوامی ضلع سرجن اور ایڈیشنل SPاورمحکمہ صحت کا اسٹاف موجودتھے۔واضح رہے کہ جملہ 15افراد میں وقتافوقتا کئے گئے کوروناوائرس کاپازیٹو ٹسٹ پایاگیاتھا۔ مزید 6افراد زیر علاج ہیں۔