شہر حیدرآباد میں لاک ڈاؤن: جماعتِ اسلامی نے کیا 1.5 کروڑ روپیوں سے زائد کا ریلیف ورک، وسیع پیمانہ پر منظم فلاحی کاموں کا سلسلہ جاری
صاحبِ ثروت اورخیرخواہوں کے تعاون سے انجام دیا گیا یہ عظیم کام: ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹرحیدرآباد حافظ محمد رشاد الدین صاحب کا صحافتی بیان
? رمضان المبارک سے قبل اوردوران رمضان المبارک بھی وسیع پیمانہ پر منظم انداز میں عوامی خدمت کا منصوبہ۔
? جماعتِ اسلامی ہند کی جانب سے بلالحاظ مذہب و ملت فلاحی کاموں کا سلسلہ جاری۔
? عوام کوگھروں میں رہنے اور حکومت اورانتظامیہ کا تعاون کرنے کا مشورہ، سماجی فاصلہ میں سب کی بھلائی۔
حیدرآباد: 19/اپریل (پریس ریلیز) کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے ملک اور ریاست میں لاک ڈاؤن کے بعد سے اب تک جماعتِ اسلامی ہند گریٹرحیدرآباد کی جانب سے کئے گئے فلاحی کاموں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے ناظم شہرجماعتِ اسلامی ہند گریٹرحیدرآباد حافظ محمد رشاد الدین صاحب نے اپنے جاری کئے گئے صحافتی بیان میں کہا کہ جماعتِ اسلامی ہند گریٹر حیدرآبادنے لاک ڈاؤن کے آغاز کے ساتھ ہی ریلیف کے کاموں کا منصوبہ بنایا اورالحمدللہ بڑے منظم اندازمیں کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر حیدرآباد میں جماعت کی بائیس مقامی یونٹس اور چھ سرکلس(حلقہ کارکنان) ہیں۔ان تمام علاقوں میں سروے کے بعدریلیف کا کام جاری ہے۔
اسکے علاوہ جن علاقوں میں جماعت کی شاخیں موجود نہیں ہیں وہاں بھی امداد کی مطالبات کے پیش نظر کوشش جاری ہے۔ چونکہ شہر میں دیگر ریاستوں کے ملازمین کی بھی بڑی تعداد موجود ہے جولاک ڈاؤن کی وجہ سے یہاں پھنسے ہوئے ہیں،ان تک بھی امداد رسانی کا کام کیا گیا۔ ناظمِ شہرجماعتِ اسلامی ہند گریٹرحیدرآباد، حافظ محمد رشاد الدین صاحب نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے اب تک صاحبِ ثروت اورخیرخواہوں کے تعاون سے جماعتِ اسلامی ہند گریٹرحیدرآباد کی جانب سے ڈیڑھ کروڑ روپیوں سے زائد کا ریلیف ورک انجام دیا گیا ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوسرے مرحلہ میں مستحق افراد کی شناخت کے ساتھ ان تک ضروریات کی اشیاء،دوائیں،غذائی اجناس کے علاوہ پکا ہواکھانا بھی پہنچایا گیا۔ سولہ ہزار سے زائد راشن کٹس اب تک تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ ناظم شہر نے کہا کہ جماعت کی ذیلی تنظٰمیں،ایس آئی او،جی آئی او،ایم پی جے،ڈیر،اورسوشیل ونگ سے وابستہ افراد بھی شب وروز خدمتِ خلق کے کاموں میں مصروف ہیں اور سماجی فاصلہ کی پابندی اور دیگر ضروری احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرتے ہوئے یہ کام انجام دے رہے ہیں۔
حافظ محمد رشاد الدین صاحب نے کہا کہ جماعت اسلامی ہندکی جانب سے تمام فلاحی کام بلالحاظ مذہب وملت کئے جارہے ہیں اور برادران وطن میں بھی اسکا اچھا اور مثبت پیغام جارہا ہے۔انہوں کہا کہ اب جبکہ رمضان المبارک بالکل قریب ہے۔لہذا جماعت نے منظم انداز میں وسیع پیمانے پر قبل ازرمضان اور رمضان میں بھی مسلم مستحق خاندانوں میں سحر و افطار کی ضروریات کو پورا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔جیلوں (چیرلہ پلی،چنچلگوڑہ اور بچوں کی جیل) میں بھی سالہائے گذشتہ کی طرح افطار کا نظم کیاجائے گا۔اسکے علاوہ حسب ضرورت مستحق غیر مسلم برادران وطن میں بھی راشن کٹس کی تقسیم جاری رہے گی.
حافظ محمدرشاد الدین صاحب نے اس موقع پر حکومت اور انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ ان فلاحی کاموں کے کرنے میں ان کا بھی تعاون بھی رہا ہے۔ساتھ ہی تمام خیر خواہوں کے حق میں بھی اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ ان کو دنیا اور آخرت میں بہترین اجر سے نوازے اور صاحبِ خیر و ثروت حضرات وخواتین سے اپیل کی کہ مصیبت کی اس گھڑی میں مستقبل میں بھی وہ دامے درمے سخنے دل کھول کر خیر کے کاموں میں تعاون فرمائیں۔
آخرمیں ناظم شہر نے حیدرآباد کی عوام خصوصاً مسلم نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن کی پاسداری کرتے ہوئے انتطامیہ کا تعاون کریں،بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں،اسطرح اپنی اور اپنے گھر والوں کی حفاظت کریں اسی میں سب کی بھلائی ہے۔رمضان میں اوقات کا صحیح استعمال کریں،کثرت سے دعا،درود و اذکار کا اہتمام کریں،قرآن مجید کا زیادسے زیادہ مطالعہ کریں۔سیرت النبیﷺ ؑوسیرت صحابہؓ کے واقعات کو پڑھیں۔رشتہ داروں،پڑوس کے علاوہ غرباء ومستحقین کا خیال رکھیں۔اور خصوصاً اس مہلک وباء کے خاتمہ کے لئے بارگاہ الہی میں دعائیں کریں۔ اللہ تعالیٰ تمام انسانوں پر رحم فرمائے۔مزید تفصیلات و تعاون کے لئے فون نمبر 9293602628 پر ربط کیا جاسکتاہے۔