بیدر: شیخ عبدالوحید کاسانحہٴ ارتحال
بیدر: 14/اپریل (وائی آر) جناب شیخ عبدالوحید ولد مرحوم شیخ محبوب صاحب رکن جماعت اسلامی ہند بیدر کا کل شب ان کی رہائش گاہ موقوعہ چشتیہ پورہ بیدر میں سانحہٴ ارتحال ہوا۔ وہ 65سال کے تھے۔ اچانک ہی وہ اللہ کو پیارے ہوگئے۔ انھیں سرکاری اسپتال لے جایاگیا جہاں ان کی روح کے پرواز کرجانے کی اطلاع ڈاکٹروں نے دی۔
ان کی نمازجنازہ آج منگل کی صبح 10بجے ان ہی کی رہائش گاہ کے سامنے مسجد شاہ اسمعیل قادری کے امام مولانا محمدعزیر صاحب کی امامت میں اداکی گئی اور تدفین درگاہ حضرت خواجہ ابوالفیض ؒ کے عقب میں واقع منیار برادری کے دائر ے میں عمل میں آئی۔
مرحوم شیخ عبدالوحید صاحب نہایت ہی خلیق اور سادگی پسند انسان تھے۔ نماز اورقرآ ن کی تلاوت سے کافی لگاؤ تھا۔ کاروبار کے درمیان بھی قرآن کی تلاوت کیاکرتے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 3لڑکے اور 3لڑکیاں شامل ہیں۔ دعائے مغفرت کی گذار ش کی گئی ہے۔