ورلڈ بینک نے کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کےلئے ہندوستان کو 1ارب ڈالر کی امداد
عالمی بینک نے عالمی وبا کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کےلئے ہندوستان کو ایک ارب ڈالر (تقریباً 76ارب روپے)کی مدد دی ہے۔ عالمی بینک کے ایگزیکیوٹوڈائریکٹر کے بورڈ نے جمعرات کو ترقی پذیر ممالک کےلئے ایمرجنسی مدد کی پہلی قسط کے طورپر 1.9 ارب ڈالر کی مالی مدد دی ہے،جس کی آدھی سے زیادہ رقم ہندوستان کو دی گئی ہے۔
یہ رقم ہندوستان کو بہتر اسکریننگ، رابطوں کی پہچان میں مدد کےلئے لیب جانچ،انفرادی سکیورٹی کے آلات خریدنے اور نئے آئیسولیشن وارڈ بنانے میں مدد کےلئے دی گئی ہے۔ ہندوستان کے بعد جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ مدد پاکستان کو 20کروڑ ڈالر دی گئی ہے۔ افغانستان کو 10کروڑ ،ماپدیپ کو 73اور سری لنکا کےلئے 12.86کروڑ ڈالر کی مدد کی منظوری دی گئی ہے۔ عالمی بینک نے کہا ہے کہ اس نے عالمی کوویڈ 19وبا کے چیلنج سے نمٹنے میں ملکوں کی مدد کے لیے 15ماہ میں 160ارب ڈالر کی ایمرجنسی مدد جاری کرنے کو منظوری دی ہے۔
ملک میں کورونا انفیکشن سے متاثرین کی تعداد 2301 ہوئی، 56 کی موت
ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی کل تعداد بڑھکر 2301 ہوگئی ہےاور انفیکشن کی وجہ سے اب تک 56لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ وزارت صحت کی جمعہ کو جاری رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کا خطرہ ملک کے 29ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں پھیل چکا ہے اور اب تک اس کے 2301 معاملوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔ان میں 55غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔کورونا وائرس کے انفیکشن سے ملک بھر میں اب تک 56لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 157افراد ٹھیک ہوچکےہیں۔
ملک میں کورونا سے مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 335لوگ متاثر ہیں اور 16لوگوں کی موت ہوگئی ہے،دوسرے مقام پر تمل ناڈو ہے جہاں 309لوگ متاثر ہیں اور ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔کیرالہ میں 286انفیکٹیڈ ہیں اور دو لوگوں کی موت ہوئی ہے۔دہلی میں 219،آندھرا پردیش میں 132اور کرناٹک میں 124لوگ انفیکٹیڈ ہیں اور تقریباً چار ،ایک اور تین لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
راجستھان میں 133،تلنگانہ میں 107،مدھیہ پردیش میں 99اور گجرات میں 87لوگ انفیکٹیڈ ہیں۔مدھیہ پردیش میں چھ اور گجرات میں شھ لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔پنجاب میں چار،تلنگانہ اور مغربی بنگال میں تین تین ،دہلی ،کیرالہ،جموں و کشمیر اور اترپردیش میں دو دو،بہار اور ہماچل پردیش میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔
دنیا میں 50 ہزار سے زائد اموات، 10 لاکھ سے زیادہ متاثر
جان ہاپکنز یونیورسٹی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں موذی کورونا وائرس ’ كووڈ 19‘ سے اب تک 50 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں اور تقریبا دس لاکھ افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
یونیورسٹی کے عداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں جمعرات تک تقریباََ 50،230 کورونا وائرس کے مریضوں کی موت ہو چکی ہے اور تقریبا 10 لاکھ سے زیادہ لوگ اس وائرس کی گرفت میں آ چکے ہیں جبکہ دو لاکھ افراد ابھی تک صحتیاب بھی ہو گئے ہیں۔
کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 226،000 کیسز امریکہ میں درج کئے گئے جبکہ اٹلی میں ابھی تک 14 ہزار افراد کی اس وائرس سے متاثر ہونے کے بعد موت ہو گئی ہے جو دنیا کے کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے ۔ اس کے بعد سپین میں 10،003افراد کی موت ہو گئی ہے اور تقریبا 110،000 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے ۔