میرا روڈ: پولیس اجازت کے ساتھ ضرورت مندوں میں اناج کی تقسیم کے لیے مصروف ہے جماعتِ اسلامی
ممبئی: 25/مارچ (ایس ایم ایس) ساجد محمود شیخ میراروڈ کی اطلاع کے مطابق مرکزی حکومت نے کرونا وائرس کی وباءپر قابو پانے کے لئے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔ اس کے علاؤہ مہاراشٹر میں ایک ہفتہ سے کاروبار پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے جس کی وجہ سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں،رکشہ چلانے والے،اور سڑک پر پھیری کرنے والے ہاکرس کا روزگار مکمل طور پر بند ہوگیا ہے اور ایسے لوگوں کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے ۔
جماعتِ اسلامی میراروڈ نے ایسے ضرورت مندوں میں اناج کی تقسیم شروع کردی ہے۔ ابتدائی طور پر سو خاندانوں میں راشن کٹس تقسیم کی جارہی ہے۔ میراروڈ میں جماعت اسلامی کے دفتر اسلامک سینٹر سے یہ کام انجام دیا گیا۔ اس دوران وباء سے بچاؤ کے لئے ضروری تدابیر اختیار کی گئی تھی۔
جماعتِ اسلامی میراروڈ کے امیر مقامی عطاء الحق نے اس موقع پر کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں کوئی خاندان بھوکا نہ رہے اس لئے ہم ضرورت مندوں میں اناج تقسیم کر رہے ہیں۔ انھوں نے قرب و جوار کے علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے اپیل کی کہ اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔
اس کام کی اطلاع مقامی پولیس اسٹیشن کو بھی دی گئی۔ پولس اہلکاروں نے اس پر مسرت کا اظہار کیا اور بھیڑ اکٹھا کرنے سے پرہیز کرنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرکے راشن تقسیم کرنے کی اجازت دی۔