ہندوستان میں کورونا کا قہر: صرف 24 گھنٹے میں 103 نئے مریض، اب تک 10 ہلاکتیں اور 500 متاثر
کورونا وائرس سے پوری دنیا میں اب تک 16 ہزار 500 سے زیادہ لوگ فوت ہو چکے ہیں اور تقریباً 381500 افراد اس مہلک وائرس کی زد میں ہیں۔
جیسا کہ خطرہ ظاہر کیا جا رہا تھا، ہندوستان میں بھی کورونا اپنا اثر دکھانے لگا ہے۔ حالات اس قدر خراب ہو گئے ہیں کہ کئی طرح کے احتیاطی اقدامات اٹھائے جانے کے باوجود گزشتہ 24 گھنٹے میں یعنی پیر کے روز کورونا وائرس پازیٹو 103 کیس رجسٹرڈ ہوئے۔ ہندوستان میں جہاں مہلوکین کی تعداد 10 ہو گئی ہے وہیں اس وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 500 تک پہنچ گئی ہے۔ مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 89 مریض اس وائرس کی زد میں ہیں۔ اس ریاست میں دو لوگ اس وبا کی زد میں آ کر ہلاک ہو چکے ہیں۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہندوستانی ریاستوں میں دوسرا نمبر کیرالہ کا آتا ہے جہاں تقریباً 60 افراد سخت نگرانی میں رکھے گئے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ یہاں کسی کی موت واقع نہیں ہوئی ہے۔ مغربی بنگال میں پیر کے روز کورونا وائرس کی وجہ سے پہلی موت درج کی گئی۔ اس مہلک وائرس پر قابو پانے کے لیے ملک کی تقریباً 30 ریاستوں میں لاک ڈاؤن کا اعلان ہو چکا ہے۔ پنجاب، مہاراشٹر اور چنڈی گڑھ میں کرفیو بھی نافذ ہو چکا ہے۔ دہلی میں بھی غیر اعلانیہ کرفیو کا ماحول ہے۔
جہاں تک دیگر ریاستوں کا سوال ہے تو کرناٹک میں 33 افراد کورونا وائرس کی زد میں ہیں جب کہ ایک کی موت واقع ہو چکی ہے۔ اتر پردیش میں 30 لوگ متاثر ہیں اور فی الحال کسی ہلاکت کی خبر نہیں ہے۔ دہلی میں 30 لوگوں پر کورونا وائرس کا اثر پایا گیا ہے اور وزیر اعلیٰ کیجریوال نے پیر کے روز ویڈیو کانفرنسنگ میں اس بات کا تذکرہ بھی کیا تھا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا تھا کہ 7 مریض ہندوستان کے ہیں باقی کا تعلق بیرون ممالک سے ہے۔ ہماچل پردیش میں 3 کورونا پازیٹو کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک کی موت بھی ہوئی ہے۔ مہاراشٹر میں 89 کورونا پازیٹیو موجود ہیں اور 2 کی موت ہوئی ہے۔ پنجاب میں اس وائرس کا شکار 21 لوگ ہیں اور ایک کی ہلاکت درج کی گئی ہے۔ مغربی بنگال میں ایک موت ہوئی ہے جب کہ 7 لوگ اس وائرس کی زد میں ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے وائرس پر قابو پانے کے لیے نافذ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت ذمہ داران کو دے دی ہے۔ چونکہ یہ وائرس اس وقت پوری دنیا کو پریشان کیے ہوئے ہے اس لیے ہندوستان میں بھی احتیاطی اقدام کیے جا رہے ہیں۔ کورونا وائرس سے پوری دنیا میں اب تک 16 ہزار 500 سے زیادہ لوگ فوت ہو چکے ہیں اور تقریباً 381500 افراد اس مہلک وائرس کی زد میں ہیں۔