خبردار: ’لاک ڈاؤن‘ کی خلاف ورزی کرنے والے، جان لیں اپنی سزا!
لوگوں کی لاپروائی کو دیکھتے ہوئے پی ایم مودی نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی حکومت نے ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔
ہندوستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے کئی ریاستوں میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ لیکن حیرانی کی بات ہے کہ بیشتر مقامات سے اس لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ 22 مارچ کو پی ایم نریندر مودی کی گزارش پر جب لوگ عوامی کرفیو میں شامل ہو کر گھر میں بند تھے، اس وقت بھی کئی جگہ سڑکوں پر لوگ گروپ میں نکلتے نظر آئے۔ ایسا ان جگہوں پر بھی دیکھا گیا جہاں دفعہ 144 کا نفاذ تھا۔ لوگوں کی لاپروائی کو دیکھتے ہوئے پی ایم مودی نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی حکومت نے ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کو سختی کے ساتھ عمل میں لائیں اور اس پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔
دراصل لاک ڈاؤن کی جس طرح سے خلاف ورزی ہو رہی ہے اس کی وجہ سے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے سے متعلق کوششیں ناکام ہو جائیں گی۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں اور لاک ڈاؤن کے دوران ضروری خدمات، مثلاً میڈیسن، کیرانہ اور راشن وغیرہ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ لیکن کئی علاقوں میں سبھی دکانیں کھلی ہوئی ہیں اور لوگ بلاوجہ بھی سڑکوں پر نکلے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اگر آپ بھی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کر رہے ہیں تو جان لیجیے کہ حکومت نے سخت کارروائی کرنے کا عزم کر لیا ہے، جس کے تحت آپ کو سزا دی جائے گی۔
لاک ڈاؤن پر عمل نہیں کرنے والوں کے لیے 6 مہینے کی جیل تک کی سزا رکھی گئی ہے اور اس کے علاوہ 1000 روپے تک کا جرمانہ بھی لگ سکتا ہے، یا پھر دونوں کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ یہ جانکاری پیر کے روز ایک آفیشیل بیان کے ذریعہ دی گئی ہے۔ اس لیے کورونا وائرس کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے ضروری ہے کہ جہاں جہاں لاک ڈاؤن کا اعلان ہوا ہے، وہاں لوگ اس پر عمل کریں۔
واضح رہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے اتوار کو ملک بھر کے تقریباً 80 ایسے اضلاع کو 31 مارچ تک لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا تھا جہاں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد زیادہ ہے۔ دہلی میں 23 مارچ صبح 6 بجے سے 31 مارچ کی نصف شب تک لاک ڈاؤن رہے گا۔ حالانکہ اس دوران ضروری خدمات ملتی رہیں گی۔ قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت کے حکم کے بعد دہلی کے علاوہ مہاراشٹر، بہار، اتر پردیش، کیرالہ، ہریانہ، راجستھان، اتراکھنڈ، مغربی بنگال، آندھرا پردیش، تلنگانہ، ناگالینڈ، جموں و کشمیر اور جھارکھنڈ میں بھی لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پورے پنجاب میں پیر کے روز سے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔