کیرالہ: چرچ میں اجتماعی عبادت کا اہتمام کرنے پر پادری گرفتار، 100 دیگرافراد پر بھی درج کیا گیا مقدمہ
کوچی23/مارچ- کوچی میں چالاکوڈی پولیس اسٹیشن کے افسران نے ایک کیتھولک چرچ کے پادری کو ضلع انتظامیہ کی طرف سے اجتماعی عبادت ادا کرنے پر لگائی گئی پابندی کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کوروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ریاستی حکومت نے جو اقدامات کیے ہیں اس میں اجتماعی عبادت اداکرنے پر بھی پابندی ہے۔ لیکن پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ صبح کے وقت مذکورہ پادری نے چرچ میں اجتماعی عباد ت کا اہتمام کیا تھا۔
پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر اس پادری کو پہلے سینیٹائزر سے ہاتھ صاف کرنے کو کہا اور پھر اسے حراست میں لے لیا۔ پولیس نے بتایا کہ پادری کو ضمانت پر رہا کیا جائے گا۔ اس کے علاو ہ اجتماعی عبادت میں حصہ لینے والے 100افراد پر بھی پولیس نے کیس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے.