کورونا وائرس کا خوف اور اللہ پراعتماد
صدیقی محمد اویس، نیانگر، میراروڈ
مکرمی !
ان دنوں ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کی وجہ سے تعلیمی ادارے، بازار، ریلوے، ہوائی اڈے اور نقل و حمل کے تمام تر ذرائع بند کر دئیے گئے ہیں ۔ فی الحال یہ تمام چیزیں کچھ دنوں کے لئے بند کی گئیں ہیں لیکن آگے اس بات کا اندیشہ ہے کہ حکومت مکمل لاک ڈاؤن بھی کر دے کیونکہ مذکورہ بالا وبا بہت تیزی کے ساتھ اپنے اثرات مرتب کر رہی ہے۔
ہندوستان میں اس وبا کے متاثرین کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے جو کہ فی الوقت تقریبا 350 کے قریب پہنچ چکی ہے۔ لیکن ہمیں یہاں بہت زیادہ خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور نا ہی دوسروں کو ڈرایئں ۔ ایسے حالات کے چلتے کئی افراد بہت زیادہ خوفزدہ ہو جاتے ہیں اور مختلف افواہیں پھیلانے لگتے ہیں جن سے ہوتا یہ ہے کہ عام لوگوں میں دہشت پھیل جاتی ہے تو ہمیں ایسی افواہوں سے پرہیز کرنا چاہئے اور کسی بھی خبر کی تصدیق کئے بغیر اسے پھیلانے سے بھی اجتناب کرنا چاہئے۔
اس کے علاوہ حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے وقت در وقت جو احتیاطی تدابیر اور رہنمائیاں جاری کیں جارہیں ہیں انہیں بھی مکمل طور پر عمل میں لائیں ۔ مسجدوں کے تعلق سے یہ ہے کہ مسجدوں میں محض فرض نمازیں ادا کریں اور سنتیں گھر ہی پر ادا کریں۔
ان تمام چیزوں کے علاوہ سب سے اہم یہ ہے کہ اچھے برے حالات اللہ تعالی کی طرف سے ہوتے ہیں، اللہ کی مرضی کے بغیر کوئی بھی چیز نہ ہمیں نقصان پہنچا سکتی ہے اور نہ فائدہ اسی لئے اللہ پر مکمل اعتماد بہت ضروری ہے۔ ہمیں کبھی بھی اللہ کی ذات سے نا امید نہیں ہونا چاہئے۔ بہرحال اللہ پر تو کل رکھیں، نمازوں کی پابندی، قرآن مجید کی تلاوت، ذکر و اذکار اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں ۔
آخر میں اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اللہ ہم تمام کی حفاظت فرما اور جو افراد مذکورہ بالا مرض میں مبتلا ہیں انکو بھی جلد از جلد شفاء کاملہ عطا فرمائے اور خیر کا معاملہ فرمائے۔۔۔۔آمین ۔