تازہ خبریںخبریںقومی

مدھیہ پردیش: کمل ناتھ نے وزیراعلیٰ عہدہ سے استعفی کا کیااعلان، کہا ’BJP نے جمہوری اقدارکو قتل کردیا‘

پریس کانفرنس کے دوران کمل ناتھ نے بی جے پی پر ان کی حکومت کو سازش کے تحت کمزور کرنے اور ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کرنے کا الزام عائد کیا اور اپنے استعفی کا اعلان کر دیا

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران اپنے استعفی کا اعلان کر دیا ہے۔ کانگریس کے 20 سے زیادہ ارکان اسمبلی کے مستعفی ہو جانے کے بعد سے ہی کمل ناتھ حکومت پر خطرے کے بادل منڈلا رہے تھے۔ آج ان سے اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کو کہا گیا تھا، تاہم اس سے قبل ہی انہوں نے استعفی کا اعلان کر دیا۔

خیال رہے کہ 16 ارکان اسمبلی کے استعفے اسمبلی اسپیکر نے گزشتہ شب منظور کر لئے تھے جس کے بعد اسمبلی میں کمل ناتھ حکومت کے پاس اکثریت نہیں رہ گئی تھی۔ پریس کانفرنس کے دوران کمل ناتھ نے بی جے پی پر ان کی حکومت کو سازش کے تحت کمزور کرنے اور ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کرنے کا الزام عائد کیا۔

’بی جے پی نے ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کر کے عوام کو دھوکہ دیا‘

کمل ناتھ نے راجدھانی بھوپال میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’کانگریس کے پاس اسمبلی میں سب سے زیادہ نشستیں تھیں۔ تقریبا 15 مہینوں سے میری یہ کوشش تھی کہ میں ریاست کی تصویر کو تبدیل کروں۔ میں نے ہمیشہ ترقی پر یقین کیا ہے۔ مجھے عوام نے پانچ سال کا موقع دیا تھا۔ عوام نے کانگریس کو موقع دیا کہ وہ ریاست کو صحیح راہ پر لائے۔ بی جے پی کو 15 سال ملے، مجھے صرف 15 مہینے مل سکے، ان میں سے ڈھائی ماہ میں بھی لوک سبھا انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کا نفاذ رہا۔ اس دورانیہ میں عوام گواہ ہیں کہ بی جے پی کو عوام کے لئے میرے ذریعہ کئے گئے ترقیاتی کام پسند نہیں آئے۔‘‘

کمل ناتھ نے کہا، ’’ہمارے 22 ارکان اسمبلی کو لالچ دے کر بی جے پی نے یرغمال بنانے کا کام کیا۔ اس ملک کے لوگوں نے بھی یہ سب دیکھ لیا ہے۔ یہ کھیل کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بعد کھیلا گیا۔ بی جے پی نے جمہوری اقدار کو قتل کر دیا ہے۔ ریاست کے عوام ان مفاد پرستوں اور باغیوں کو معاف نہیں کریں گے۔ ریاست کے ساڑھے سات کروڑ عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کی گئی ہے۔‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!