ریاستوں سےمہاراشٹرا

دہلی تشدد پرالائنس اگینسٹ سی اے اے، این آرسی اینڈ این پی آر نے کیا امیت شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ

پریس کانفرنس میں شرکاء نے کہا کہ دہلی کا فساد شاہین باغ اور اس طرز کے احتجاج کیخلاف ایک سازش ہے انہوں نے امیت شاہ اور نریندرمودی کے تعلق سے کہا یہ لوگ ملک نہیں چلاسکتے: الائنس اگینسٹ سی اے اے، این آرسی اینڈ این پی آر

ممبئی: 28/فروری (ایس ایم ایس) ہم دہلی میں پچھلے تین روز سے جاری فرقہ وارانہ تشدد کی پرزور مذمّت کرتے ہیں۔اب تک کی اطلاع کے مطابق ایک پولیس اور ایک آئی بی اہلکار سمیت 34 لوگ جس میں ہندو مسلم دونوں شامل ہیں کی ہلاکت پر ہمیں افسوس ہے۔ سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی کیخلاف جاری موجودہ تحریک پوری طرح سے پرامن اور گاندھی جی کے عدم تشدد کے فلسفہ کے مطابق ہے ۔ ہم ہرطرح کے تشدد کیخلاف ہیں۔ سیاست دانوں کے ذریعے کھلے طور پر تشدد کے لیے اکسانے اور مظاہرین پر پر تشدد حملوں کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس تشدد پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔ مسلح گروہ پولیس کی موجودگی میں قتل و غار تگری اور آتش زنی کر رہے تھے اور پولیس فسادات کو روکنے کے لیے کچھ نہیں کر رہی تھی۔ امن و امان کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری جن مشینریز کی ہے وہ پوری طرح سے مفلوج رہی ہے جو تشویشناک ہے۔

کچھ ویڈیوز نے تو پولیس کو فسادیوں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے بھی دکھایا ہے۔ اب تک دیکھا گیا ہے کہ پولیس اقلیتی برادری کے ساتھ متعصبانہ انداز میں کارروائی کر رہی ہے۔ دہلی پولس کے مشکوک اور متعصبانہ کردار بھارت جیسے تکثیری سماج کیلئے خطرناک ہے ۔ اس طرح کی متعصبانہ کارروائی اور فسادیوں کیخلاف کارروائی کی بجائے اس کی پشت پناہی ملک کی سلامتی کیلئے درست نہیں ہے ۔     یہ باتیں دہلی تشدد میں انسانی جانوں کے نقصان اور پولس مجرمانہ خاموشی کیخلاف آج ممبئی کے مراٹھی پترکار سنگھ میں الائنس اگینسٹ سی اے اے، این پی آر اینڈ این آر سی کی ممبئی اکائی نے پریس کانفرنس میں کہی گئیں ۔

جس میں الائنس کے ذمہ داروں نے حکومت پر جانب داری اوربے حسی کا الزام عائد کیا نیز وزیر داخلہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیاکیونکہ وہ اپنی دستوری ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔ الائنس کے ایک ذمہ دار  ایڈووکیٹ راکیش راٹھور ونجارا سماج و سماجی کارکن نے کہا آپ دیکھ سکتے ہیں کہ یہاں موجود شخصیت پورے بھارتی تہذیب و ثقافت کی نمائندگی کرتے ہیں۔یہاں سبھی مذاہب اور ذات کے لوگ موجود ہیں۔ انہوں نے کہادہلی کے لوگوں نے نفرت کو نظر انداز کرکے ترقی کے نام پر عام آدمی پارٹی کو جتایا۔ یہ باتیں سنگھ کے لوگوں کو ہضم نہیں ہوئی اور اب وہ دہلی کو نفرت کی آگ میں جلاکرعوام سے  بدلہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ہم دہلی پولس اور وزیر داخلہ کی مذمت کرتے ہیں۔ نیز ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ پولس کمشنر اور دوسرے پولس افسران کو برطرف کرکے ان پر مقدمہ چلایا جائے ۔

ہم حکومت مہاراشٹر سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ممبئی باغ میں بیٹھی خواتین کی سلامتی کو یقینی بنائے تاکہ مہاراشٹر اس طرح کے شرمناک فسادات سے محفوظ رہے ۔سچن کامبلے سمبھاجی بریگیڈ نے کہا کہ ہماری تحریک سے کسی کو کوئی تکلیف نہیں لیکن جیسے ہی حکومت کے سیاہ قانون کی حمایت میں احتجاج ہوا فساد ہوگیا یہ لوگ فسادی ہیں ان کا تعلق سنگھ اور بی جے پی سے ہے۔ انہوں نے کہا  ملک میں آر ایس ایس کی جانب سے منو سمرتی کا قانون چل رہا ہے یہ لوگ دستور کے خلاف ہیں ۔ امیت شاہ اور مودی استعفیٰ دیں یہ لوگ ملک نہیں چلاسکتے ، فساد امیت شاہ اور مودی کروارہے ہیں ۔

ہم مسجد کی بے حرمتی اور امام پر حملہ کی مذمت کرتے ہیں ۔مولانا اعجاز کشمیری نے کہا کہ دہلی کا فساد دہشت گردی ہے اور فسادی دہشت گرد ہیں ۔ اگر ملک کو ترقی کی راہوں پر لے جانا ہے تو اس کیلئے فساد ختم کرنا ضروری ہے ۔ امیت شاہ کا رول ایک پانچ سالہ بچے کی ضد کی طرح ہے ام میں وہ صلاحیت نہیں کہ وہ ملک بہتر ڈھنگ سے چلاسکیں۔سدھاکر شندے نے کہا کہ ہم دہلی تشدد کی مذمت کرتے ہیںنیز یہ لوگ قانون و دستور کیخلاف ہیں لیکن ہم بھی  عہد کرتے ہیں کہ خون کے آخری قطرے تک دستور ہند کی حفاظت کریں گے۔ ڈاکٹر روی کمار اسٹیفن نے کہا ہم مظلوموں اور متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عبدالحسیب بھاٹکر شریک کنوینر الائنس ممبئی نے کہا کہ ہم اس تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی جان و مال اور ان کی عبادت گاہوں پر حملہ افسوسناک ہے۔ نرسنگھ تیواری نے کہا کہ میں ایک مسلم اکثریتی علاقہ میں رہتا ہوں لیکن مجھے آج تک کوئی تکلیف نہیں ہوئی جبکہ پولس انتظامیہ کی نظر میں وہ علاقہ ٹھیک نہیں ہے ۔ میں اس بات کا گواہ ہوں کہ مسلم محلہ میں ہم محفوظ ہیں ۔ دہلی فساد سے ہمارا سر شرم سے جھک گیاہے۔

انہوں نے کہا یہ دہلی کے مکینوں کی بدقسمتی ہے یا امت شاہ کا پریوگ۔نرسنگھ تیواری نے بھی وزیر داخلہ کے تعلق سے کہا کہ ’ اگر آپ دہلی کو نہیں سنبھال سکتے ہیں تو استعفیٰ دے دیں‘ ۔ ریشم سنگھ سکریٹری گوردوارہ نے مطالبہ کیا کہ فسادیوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائےان کا کہنا تھا کہ  اگر حکومت چاہےتو امن کا قیام ناممکن نہیں۔سلیم شیخ صدر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا مہاراشٹرنے کہا امیت شاہ پوری طرح ناکام ہیں اس لئے انہیں استعفیٰ دے دینا چاہئے ۔ عام آدمی پارٹی کا کردار بھی ٹھیک نہیں ہے۔ اروند کیجریوال نے نوجوانوں کی بات سننے کی بجائے ان پر لاٹھی چارج کروایا ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ دہلی میں جاری احتجاج کو ختم کرانے کیلئے فساد کی سازش رچی گئی ۔انہوں نے بھی امیت شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے دہلی پولس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا اس پر بھروسہ نہیں اس لئے دہلی کو فوج کے حوالے کیا جائے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہائی کورٹ کے جج کا تبادلہ انتقام کی کارروائی ہے ۔ الائنس کے ذمہ داروں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دہلی میں ہونے والے تشدد کے واقعات کے پیش نظر ہمارے کچھ مطالبات ہیں، جو مہاراشٹر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے سامنے رکھے جائیں گے۔ 

اشتعال انگیزی کے لئے ذمہ دار بی جے پی لیڈران انوراگ ٹھاکر، پرویش ورما، کپل مشرا ودیگر افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی ہو۔ خاطی پولس اہلکاروں کیخلاف فوری طور سے کارروائی کی جائے جنہوں نے اپنے فرائض ادا کرنے کی بجائے فساد میں یا تو خاموش تماشائی رہے یا فسادیوں کی مدد کرتی ہوئی نظرآئے- وزیراعلیٰ اپنے اراکین اسمبلی ، دہلی کے ممبران پارلیمنٹ، ممتاز سماجی و مذہبی رہنما متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں اور امن و امان قائم رکھنے کی اپیل کریں۔ ان علاقوں میں جہاں ابھی بھی تشدد جاری ہے ، کرفیو نافذ کیا جانا چاہیے۔ تشدد کرنے والوں کا تعلق خواہ کسی خاص مذہب یا سیاسی جماعت سے ہو، پولیس کو چاہیے کہ قانون شکنی اور تشددکرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ پولیس کو چاہیے کہ وہ اپنے ان افسران کے خلاف کارروائی کریں جو مظلوم شہریوں، خواتین و بچوں پر ظلم و زیادتی میں ملوث ہیں۔

کچھ شخصیات اور نیوز چینل جو بالو اسطہ طور پرنفرت و تشدد کو بھڑکا رہے ہیں، ان پر بھی کارروائی ہونی چاہیے ۔ پورے ملک میں ہو رہے تمام شہریت ترمیمی قانون مخالف مظاہروں کے مقامات بشمول دہلی کے شاہین باغ ، کو پولیس تحفظ فراہم کیا جا یے تاکہ انہیں سماج دشمن عناصر کوئی نقصان نہ پہنچا سکے۔ تشدد کے پورے واقعے کی تحقیق کے لئے ایک اعلی سطحی عدالتی انکوائری تشکیل دی جائے۔الائنس اگینسٹ سی اے اے ، این آر سی اینڈ این پی آر ملک گیر سطح پر شہریت کے نام پر تفرقہ پھیلانے والے حکومتی اقدامات کے خلاف سرگرم افراد اور تنظیموں کا ایک متحدہ محاذ ہے۔پریس کانفرنس میں  مولانا محمود دریابادی، حافظ سید اطہر علی شریک کنوینر الائنس ممبئی ، فرید شیخ شریک کنوینر الائنس ممبئی اورجناردھن انگلےبھی موجود تھے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!