صحت

صحت کوغنیمت سمجھیں، پاکیزہ اورحلال غذاؤں کااستعمال کریں: مفتی افسرعلی ندوی

بیدر: 28/فروری (اے این) مفتی افسر علی نعیمی ندوی نے مسجد درگاہ اشٹور موقوعہ مقابر سلاطین بہمنیہ میں نماز جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے جہاں روحانی اور باطنی بیماریوں سے بچنے کی تدابیر اور احتیاطی پہلو بیان کیے ہیں وہیں جسمانی اور ظاہری امراض کے لیے بھی اس قدر آسان اور نفع بخش ہدایات دیں کہ وہ رہتی دنیا تک کے انسانیت کے لیے رہنما اصول ہیں اس سے کوئی بے نیاز نہیں ہو سکتا ہے، دنیا میں عام ہونے والے مہلک بیماریوں کا انسانی اعمال سے بڑا گہرا تعلق ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جس قوم میں علانیہ فحاشی اور بے حیائی کے کام ہونے لگیں تو ان میں ایسی ایسی بیماریاں پھیل جائیں گی جو ان سے پہلے لوگوں میں نہ تھیں۔

اس حدیث میں تمام وائرس اور وبائیں داخل ہیں جو دیکھتے ہی دیکھتے سیکڑوں لوگوں کو نگل جاتی ہیں۔وبائی امراض سے تحفظ کے لیے جہاں احتیاطی تدابیر اپنانا ضروری ہے وہیں معاشرہ کو سماجی برائیوں سے پاک رکھنا بھی ضروری ہے۔حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہے کہ میں نے طاعون کے بارے میں دریافت کیا تو آپ ﷺ نے مجھے بتایا کہ یہ اللہ کا عذاب ہوتا ہے، اللہ جس پر چاہتا ہے نازل کرتا ہے، اللہ نے مومنوں کے لیے اسے رحمت بنایا ہے، جو کوئی مسلمان طاعون میں مبتلا ہو جائے پھر ثواب کی امید رکھ کر اس پر صبر کرے اور اسی بستی میں مقیم رہے اس یقین کے ساتھ کہ اسے وہی مصیبت پہنچے گی جو اللہ نے اس کے لیے مقدر کر رکھی ہے، تو ایسے مومن کو شہید کے برابر اجر ملے گا۔

موجودہ دور میں وباؤں کے پھوٹ پڑنے کا ایک اہم سبب ظلم و تشدد میں اضافہ ہے، چین میں مذہبی اقلیتوں اور بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ جو مظالم ڈھائے جا رہے ہیں کسی انسانی معاشرہ میں ان کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ وائرس اور وبائی امراض کا کھانے پینے سے بڑا گہرا تعلق ہوتا ہے، کھانے کی چیزوں میں بے احتیاطی اور حرام جانوروں کا استعمال جنہیں خالق جن و انس نے حرام قرار دیا ہے، اس قسم کے وائرس کے پھیلاؤ کا ذریعہ بنتا ہے، ماہرین نے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ کرونا وائرس جنگلی جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوا ہے، ہمیں ایسے حالات میں صبح و شام ہر قسم کے مخلوقات کے شر اور مہلک امراض سے حفاظت اور عافیت کی دعائیں کرنا چاہیے۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ سے معافی اور صحت کا سوال کرتے رہا کرو کیونکہ ایمان کی نعمت کے بعد تندرستی سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں ہے۔ اللہ نے جو ہمیں صحت عطا کی ہے اس کی قدر کریں اور بیماریوں سے پہلے صحت کو غنیمت جانیں، حلال، پاکیزہ اور صحت مند غذاؤں کا استعمال کریں۔مسجد کا اندرونی اور بیرونی حصہ مصلیوں سے بھرا ہوا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!