بسواکلیان میں سیاہ قوانین کے خلاف عظیم الشان جلسہ عام، سابق وزیراعلیٰ سدرامیا ودیگر کا خطاب
بسواکلیان: 23/فروری (ایم این) بسواکلیان کو شہر کے تعلقہ اسٹیڈیم میں جوئنٹ ایکشن کمیٹی بسواکلیان کی جانب سے مرکزی حکومت کی جانب سے لائے گئے سیاہ قوانین NRC,CAA اور NPRکے خلاف عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوا جس میں بسواکلیان کے علاوہ ضلع بیدر، گلبرگہ، عمرگہ،سولہ پور،لاتو،نیلنگہ سے بھی عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس جلسہ عام سے سابقہ وزیر اعلیٰ سدرامیا، جناب مجتبیٰ فاروق صاحب آل انڈیا کنوینر جوئینٹ ایکشن کمیٹی،رچاسنگھ نے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی ناکامیوں پر کڑی تنقید کی۔انہوں نے بی جے پی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اقتدار کے نشہ میں ملک کے آئین کے خلاف کام کررہی ہے۔ مختلف آئین مخالف قوانین کے ذریعہ ملک کی عوام کو پریشان کررہی ہے۔

NRC,CAA,NPRجیسے سیاہ و آئین مخالف قوانین کے خلاف جدوجہد اس وقت تک جاری رہیگی جب تک کہ مرکزی حکومت ان سیاہ قوانین کو واپس نہیں لے لیتی۔ہم سب کو مل کر ملک کے آئین کی حفاظت کرنی ہے،یہ آئین ہی کی بدولت ہیکہ کہ ایک چائے بیچنے والا شخص وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز ہے اور دلت ذات کے تعلق رکھنے والا شخص صدرہند کے عہدہ پر فائز ہے، یہی ہمارے آئین کی خصوصیت ہے جو بغیر ذات پات کے تمام شہریوں کو مساوی حقوق فراہم کرتا ہے اس میں تبدیلی ہم ہرگز برداشت نہیں کرسکتے۔
ان کے علاوہ بسواپربھو سوامی، ایشور کھنڈرے رکن اسمبلی بھالکی، محترمہ کنیز فاطمہ رکن اسمبلی گلبرگہ، بنڈپا قاسم پور رکن اسمبلی بیدر شمال،جناب رحیم خان رکن اسمبلی بیدر جنوب،بی نارائن راؤ رکن اسمبلی بسواکلیان، شری راج شیکھر پاٹل رکن اسمبلی ہمنا آباد، رمضان درگاہ اور دیگر مذہبی رہنماؤں نے اس موقع پر مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کی کڑی مذمت کرتے ہوئے نوٹ بندی سے لے کر NRC,CAA,NPR جیسے کاموں پر بغیر سوچے سمجھے عمل کرنے اور عوام کو پریشان کرنے پر مرکزکی بی جے پی حکومت کو ٹوکا۔

اس موقع پر اجئے سنگھ MLCبیدر، میر اظہرعلی نورنگ سابقہ صدر بلدیہ بسواکلیان، میر تحسین علی جمعدار، مجاہد پاشاہ قریشی ریاستی سیکریٹری ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کرناٹک، یشودا نیلکنٹ راتھوڑ صدر تعلقہ پنچایت،شری پنج کشری جی بیلور مٹھ سوامی،سوامی جی دلت طبقہ، امیت دیشمکھ رکن اسمبلی لاتور،ابھئے سولانکی، اکرام الدین کھادی والے،قطب الدین، محمد رئیس احمد، غفار پیش امام،حافظ اکبر کے علاوہ کئی معززین شہ نیشن پر تشریف فرمارہے۔ مسلم خواتین نے اپنے گھروں کو قفل لگا کراس جلسہ میں شرکت کی جبکہ دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔بسواکلیان و اطراف و اکناف سے کثیر تعداد میں عوام نے اس جلسہ میں شرکت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔