دہلی کے مدرسوں میں بھی ہنومان چالیسا پڑھایا جائے: بی جے پی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ
دہلی اسمبلی الیکشن میں شکست کے بعد بی جے پی لیڈروں کو اپنے دفاع کا کوئی راستہ نظر نہیں آ رہا ہے تو متنازعہ بیان دینے کا سلسلہ ہی جاری رکھنا انھوں نے بہتر سمجھ لیا ہے۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اروند کیجریوال کو جیت کے لیے مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہہ دیا کہ اب وہ دہلی کے اسکولوں و مدرسوں میں ہنومان چالیسا کا پاٹھ کرائیں۔
دراصل کیلاش وجے ورگیہ نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’یقیناً جو ہنومان جی کے قدموں میں آتا ہے اسے آشیرواد ملتا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہنومان چالیسا کا پاٹھ دہلی کے سبھی اسکولوں، مدرسوں سمیت سبھی تعلیمی اداروں میں بھی ضروری ہو۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’بجرنگ بلی کے رحم و کرم سے اب دہلی میں رہنے والے بچے کیوں محروم رہیں۔‘‘
.@ArvindKejriwal जी को जीत की बधाई !
— Kailash Vijayvargiya (@KailashOnline) February 12, 2020
निश्चित ही जो हनुमानजी की शरण में आता है उसे आशीर्वाद मिलता है। अब समय आ गया है कि हनुमान चालीसा का पाठ दिल्ली के सभी विद्यालयों, मदरसो सहित सभी शैक्षणिक संस्थानों में भी जरूरी हो।
बजरंगबली की कृपा से अब 'दिल्लीवासी' बच्चे क्यों वंचित रहे❓
واضح رہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں ہنومان جی کا نام زبردست طریقے سے چھایا ہوا تھا اور خصوصی طور پر 8 فروری یعنی ووٹنگ کے دن سے ایک دن پہلے یعنی جمعہ کو تو بی جے پی نے اروند کیجریوال پر اس بات کو لے کر حملہ کر دیا تھا کہ وہ ہنومان مندر گئے اور جس ہاتھ سے جوتا پکڑا تھا اسی ہاتھ سے ہنومان جی کی پوجا کرنے کے لیے آگے بڑھے۔ بعد ازاں اس معاملے نے طول پکڑا تھا اور سوشل میڈیا پر دونوں پارٹیوں کے لیڈران میں خوب چھینٹا کشی بھی ہوئی تھی۔