رافیل معاملے کی فوجداری تحقیقات ہونی چاہئے۔ راہل گاندھی
ئی دہلی، 7 مارچ (یو این آئی) کانگریس صدر راہل گاندھی نے رافیل سودے میں وزیر اعظم نریندر مودی کے براہ راست ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس گھپلے میں حکومت انہیں بچا رہی ہے لہذا پورے معاملے کی فوجداری تحقیقات ہونی چاہئے۔
مسٹر گاندھی نے جمعرات كو یہاں کانگریس ہیڈ کوارٹر میں منعقد خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ رافیل میں بڑا گھپلہ ہوا ہے اور مسٹر مودی نے دفاعی سودے سے متعلق عمل کی بائی پاس سرجری کر کے یہ سودے کیا اور صنعتکار انل امبانی کو 30 ہزار کروڑ روپے کا فائدہ پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ اب اس سودے کی ساری فائلیں غائب ہو رہی ہیں۔ ان فائلوں میں وزیر اعظم کا نام ہے۔ حکومت ‘چوکیدار’ کو بچارہی ہے۔ غائب فائلوں میں لکھا ہے وزیر اعظم کے دفتر نے رافیل سودے میں مداخلت کی تھی۔ اس پورے معاملے کی جانچ ہونی چاہئے۔
مسٹر گاندھی نے رافیل سے متعلق فائلوں کے غائب ہونے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت میں سب کچھ غائب ہو رہا ہے۔ دو کروڑ نوجوانوں کا روزگار غائب ہوا، کسانوں کو صحیح قیمت دینے کا وعدہ غائب ہوا، کسانوں کے بیمے کا پیسہ غائب ہوا، نوٹ بندي میں کاروبار غائب ہوا اور اب رافیل کی فائلیں غائب ہو گئیں۔