متحد ہوکر ملک کو خطرات سے نکال سکتے ہیں: مفتی افسرعلی ندوی
بیدر: 31/جنوری (پریس ریلیز) مفتی افسر علی نعیمی ندوی درگاہ اشٹور کی مسجد میں نماز جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں ملک تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، ملک کی سالمیت اور اس کی جمہوریت پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں، مذہب کی بنیاد پر تقسیم اور فرقہ پرستی کا ننگا ناچ بر سر عام ہو رہا ہے، اقلیتوں اور دلتوں کو نشانہ بنا کر انہیں ملک سے بے دخل کرنے کی سازشیں عروج پر ہیں، ملک کی ہر ریاست آزادی کے نعروں سے گونج رہی ہے، ظلم و ستم اور ناانصافی و زیادتی کے خلاف لوگ بلا تفریق مذہب و ملت سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں، نوجوان بے خوف و خطر ہو کر ظالمانہ نظام کے خلاف نا قابل فراموش کردار ادا کر رہے ہیں۔
تاریخ اس دور کو کبھی بھول نہیں سکتی،اسلام امن وسلامتی کا سر چشمہ اور انسانوں کے درمیان محبت، رواداری اور ہمدردی کو فروغ دینے والا دین ہے، بنی نوع انسانی میں مساوات کا علم بردار ہے، ہزاروں لاکھوں جانوں کی قربانی کے بعد یہ بھارت انگریزوں کے تسلط سے آزاد ہوا، انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے غیر مسلموں کے ساتھ عزت و احترام کا معاملہ کیا اور ان کا ہر طرح سے پاس و لحاظ رکھا، کسی طرح کی ظلم و زیادتی کا ان کو شکار نہیں بنایا۔
آج اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ہم مسلمان ملک کے ان حالات میں قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور سارے مظلوموں دلت،آداواسی، ایس سی اور ایس ٹی کو اکٹھا کر کے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے تیار ہو جائیں تب کہیں جا کر ہم حالات کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور ملک کو فرقہ واریت کے آگ میں جلنے سے بچا سکتے ہیں، ان شاء اللہ ضرور کامیابی ہماری قدم چومے گی۔