جشنِ جمہوریہ: راج پتھ پر ملک کی فوجی طاقت، ثقافتی تنوع اور ترقی کا مظاہرہ
اس بار کی پریڈ میں کل 16 مارچنگ اسکواڈ نے حصہ لیا۔ ان میں فوج، فضائیہ، بحریہ، نیم فوجی دستوں کے علاوہ دہلی پولیس اور این سی سی کے دستے بھی شامل ہوئے۔
نئی دہلی: ملک کے 71 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر اتوار کو دارالحکومت کے راج پتھ پر خوبصورت پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کی فوجی طاقت، ثقافتی تنوع اور ترقی کے شاندارمناظر دیکھنے کو ملے۔ اس بار کی پریڈ میں حال ہی میں ایئر فورس میں شامل چنوک اور اپاچی ہیلی کاپٹروں کے علاوہ ٹینک ٹی -90 بھیشم، بالوے مشین پيكیٹ ( بی ایم پی – دوم)، کے 9 ورج -ٹی، دھنش گن سسٹم اور خلائی اسلحہ نے ملک کی فوجی طاقت کا مظاہرہ کیا۔
صدر رام ناتھ كووند نے آج راج پتھ پر ترنگا لہرایا اور پریڈ کی سلامی لی۔ فوج نے انہیں 21 توپوں کی سلامی دی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس موقع پر انڈیا گیٹ پر واقع نیشنل وار میموریل پر جاکر ملک کی حفاظت کے لئے اپنی جان نچھاور کرنے والے شہید جوانوں کو گلہائے عقیدت پیش کیا۔ برازیل کے صدر جائر بولسونارو اس بار مہمان خصوصی کے طور پر موجود رہے۔
اس بار کی پریڈ کی قیادت دہلی علاقے کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل اسِت مستری نے کی۔ دہلی علاقہ کے چیف آف اسٹاف (سی او ایس) اور میجر جنرل اشوک ککڑ پریڈ کے ڈپٹی کمانڈر رہے۔ پریڈ میں پہلی بار فوج کے فضائی دفاعی دستے، رڈار، پیراشوٹ دستہ، دھنش 45 کیلیبر آرٹلری گن، کے 9، ورج ٹی خاص رہے۔ اس کے علاوہ پریڈ میں فوج کے دستے کی کمان کیپٹن تانیہ شیر گل اور سگنل کور ٹرانسپورٹیبل سیٹلائٹ ٹرمینل (ٹی ایس ٹی) وہیکل کی کمان- 21 سگنل گروپ کی میجر شینا نائر نے سنبھالی۔
پریڈ میں 21 بینڈوں نے حصہ لیا اور ان میں 13 فوجی بینڈ کے اسکواڈ تھے۔ پریڈ میں آرمی ایئر سیکورٹی کور پریڈ اسکواڈ کی قیادت کیپٹن وکاس ساہو نے کی۔ پریڈ میں سگنل کور ٹرانسپورٹیبل سیٹلائٹ ٹرمینل (ٹی اے سی) وہیکل کی کمان 21 سگنل گروپ کی میجر شینا نائر نے سنبھالی۔ وہ ایئر رائفل ایونٹ میں قومی چمپئن رہ چکی ہیں۔
اس سال کی پریڈ میں پیراشوٹ رجمنٹ نے چار سال کے بعد حصہ لیا اور اس کی کمان کمانڈر نکھل کمار موریہ اور میجر ترون کے ہاتھوں میں رہی۔ اس بار کی پریڈ میں کل 16 مارچنگ اسکواڈ نے حصہ لیا۔ ان میں فوج، فضائیہ، بحریہ، نیم فوجی دستوں کے علاوہ دہلی پولیس اور این سی سی کے دستے بھی شامل ہوئے۔ پریڈ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کی جھانکیوں نے لوگوں کا دل موہ لیا۔ اس کے علاوہ قومی ایوارڈ سے نوازے گئے 44 بچے بھی اس خوبصورت پریڈ میں موجود تھے۔
مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر کی جھانکی میں ’چلو گاؤں کی اور‘ عنوان کے ساتھ اس کی ثقافت کو ظاہر کیا گیا۔ جھانکی میں لکڑی سے تیار ایک کشمیری گھر اور لکڑی کے ایک پل کو بھی دکھایا گیا۔ اس کے علاوہ صنعتی فروغ اور داخلی تجارتی ترغیبات محکمہ، وزارت خزانہ، قومی آفات ریڈمپشن فورس، جل شكتی وزارت، وزارت جہاز رانی اور مرکزی محکمہ تعمیرات عامہ کی جھانکیوں نے بھی پریڈ دیکھنے آئے لوگوں کے دل موہ لئے۔
دہلی کے ماڈل ٹاؤن کے اروند گپتا ڈی اے وی سینٹینری پبلک اسکول کے 160 بچوں نے سلامی منچ کے سامنے ’یوگا- عالمی امن کی جانب‘ عنوان سے اپنی پیشکش کے ذریعہ وہاں موجود لوگوں کی کافی تفریح مہیا کرائی۔ اس کے بعد راجستھان کے ادے پور کے ’مغربی علاقہ تہذیبی مرکز‘ نے گجرات کے سب سے زیادہ مقبول رقص گربا پیش کیا۔
موٹر سائیکل پر سوار مرکزی ریزرو پولیس فورس کی خواتین جانبازوں نے شاندار کارنامے دکھائے۔ خاتون جانبازوں نے وی آئی پی کو سیلوٹ، پستول پوزیشن آن موو، سی آر پی ایف یونیفارم، رائفل پوزیشن، سی آر پی ایف فلیگ مارچ، آل راؤنڈ ڈیفنس، بیم رول، لیڈر كلائمبنگ اور انسانی پیرامڈ بناکر عورتوں کی طاقت کا مظاہرہ کیا۔
فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں اور لڑاکا طیاروں نے اپاچی فارمیشن، ڈارنیئر فارمیشن، ہرکیولس فارمیشن، آئی گلوب فارمیشن، جیگوار ایرو ہیڈ فارمیشن، پلکرم ایرو ہیڈ فارمیشن، سخوئی ترشول فارمیشن اور فلینکر (عمودی چارلی) نے ناظرین کی سانسوں کو ایک لمحے کے لئے روک دیا۔